گال// ایلکس کیری (ناٹ آؤٹ 139) اور کپتان اسٹیو اسمتھ (ناٹ آؤٹ 120) کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف دوسرےٹسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو تین وکٹ پر 330 رنز بنا کر 73 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
سری لنکا نے کل کے اسکور نو وکٹوں پر 229 رنز پر دوبارہ کھیل شروع کیا۔ میتھیو کنمین نے آج صبح کے سیشن میں لہیرو کمارا کو آؤٹ کر کے سری لنکا کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ لہیرو کمارا نے 26 گیندوں پر صرف دو رنز بنائے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 97.4 اوورز میں 257 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کوسل مینڈس (85) ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون، مچل اسٹارک اور میتھیو کنمین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ٹریوس ہیڈ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد آسٹریلیا بیٹنگ کے لیے آیا لیکن اس کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے صرف 37 کے اسکور پر دو وکٹیں گنوادیں۔ ٹریوس ہیڈ (37) اور مارنس لیبوشائن (چار) آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ بیٹنگ کے لیے آئے اور عثمان خواجہ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت ہوئی۔ نشان پیرس نے عثمان خواجہ (36) کو آؤٹ کر کے شراکت توڑ دی۔ ایسے بحران کے وقت ایلکس کیری بیٹنگ کے لیے آئے اور اسٹیو اسمتھ کی اننگز کو بچا لیا۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچریاں مکمل کیں۔ اسٹیو اسمتھ نے 239 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 120 رنز (ناٹ آؤٹ) بنائے۔ اس کے ساتھ ہی ایلکس کیری نے 156 گیندوں میں 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 139 رنز بنائے۔ اسٹمپ کے وقت آسٹریلیا نے 3 وکٹوں پر 330 رنز بنائے تھے اور اس نے اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری کے ساتھ 239 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کے ساتھ 73 رنز کی برتری حاصل کی۔
سری لنکا کی جانب سے نشان پیرس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پربھات جے سوریہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔