نئی دہلی// کانگریس نے کہا ہے کہ اپنے مطالبات کے لیے تحریک چلانے والے ایک اور کسان نے اتوار کو دم توڑ دیا، لیکن مودی حکومت کا دل نہیں پسیج رہا ہے اور یہ اس کی بے حسی کی انتہا ہے ۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیرپ سنگھ سرجے والا نے کہا، "ایک اور کسان نے دم توڑ دیا ہے ، لیکن حکومت کی نہ آنکھیں نم ہوتی ہیں اور نہ ہی اس کادل پسیج رہا ہے ۔ کھنوری بارڈر پر پنجاب کے فیض کوٹ کے کسان جگّاسنگھ ہمارے درمیان نہیں رہے ۔ انہیں میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔”
انہوں نے کہا، "کسان کا کھیت، کھلیان، اور میڑ اُس کی طرف دیکھ رہے ہیں اور کسان اپنے حق کے لیے حکومت کو دیکھ رہے ہیں، جبکہ حکومت کی توجہ بڑی بڑی کمپنیوں پر ہے اور وہ انکی طرف دیکھ رہی ہے ۔ یہ حکومت کسانوں کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ کھنوری اور شمھو بارڈر کو جنگی میدان بنا دیا گیا ہے ۔ کسان اپنی جانیں دے رہے ہیں، مگر مغرورحکومت کو کوئی فکر نہیں، لیکن انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ ایک کسان کی موت کا مطلب تمام تہذیبوں، انسانیت، اور ثقافت کا مر جانا ہوتا ہے ، اور یہ ایک ملک کے لیے بہت ہی دردناک ہے ۔”