ویلنگٹن (یو این آئی) ایلیس پیری (22 رن3 وکٹ) اور ایشلی گارڈنر (25 رن پر 3) کی خطرناک گیندبازی اور پھر ریچل ہینس (83) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا خاتون کرکٹ ٹیم نے منگل کے روز ویسٹ انڈیز کو 2022 آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ مقابلے میں یکطرفہ انداز میں سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی مسلسل چوتھی جیت ہے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی ویسٹ انڈیز آسٹریلیا کی خطرناک باؤلنگ کے سامنے تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور 45.5 اوورز میں صرف 131 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں آسٹریلیا نے 30.2 اوورز میں تین وکٹ پر 132 رنز بنا کر باآسانی میچ جیت لیا۔ آسٹریلیا کے لیے تجربہ کار اوپنر ریچل ہینس نے 95 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 83 رنز بنا کر یک طرفہ انداز میں میچ جیتایا۔ بیتھ مونی نے 42 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔
اس سے قبل گیندبازی میں پیری اور گارڈنر نے بالترتیب آٹھ اوورز میں 22 اور 10 اوورز میں 25 رنز دے کر تین-تین وکٹیں حاصل کیں۔ جیس جوناسن کو بھی دو وکٹ ملے۔ پیری کو ان کی عمدہ باؤلنگ پرفارمنس پر ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے 91 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے جب کہ بولنگ میں ہیلی میتھیوز، شمیلیا کونیل اور چنلی ہنری نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کو اس بڑی جیت سے نہ صرف دو پوائنٹس ملے ہیں بلکہ اس کا نیٹ رن ریٹ بھی مضبوط ہوا ہے۔ یہی نہیں وہ اپنے چاروں میچز جیت کرآٹھ پوائنٹس اور +1.744 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ یہ ویسٹ انڈیز کی ٹورنامنٹ میں دوسری شکست ہے۔