نئی دہلی//جنوبی افریقہ کے دھماکہ خیز بلے باز رئیسی وان ڈیر ڈوسن (75) کے ساتھ ڈیوڈ ملر (64) نے جمعرات کو ٹی 20 میچ میں ہندوستانی ٹیم کو شکست دی۔ 75 رن کی اس اننگز میں ڈوسن نے 46 گیندیں کھیلیں اور سات چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ڈوسن نے کہا کہ آئی پی ایل میں کھیلنے سے انہیں ہندوستانی حالات کو سمجھنے میں مدد ملی ہے اور ان کی بیٹنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔ ڈوسن نے کہاکہ مجھے آئی پی ایل میں زیادہ کھیلنے کو نہیں ملا، لیکن میں نے بہت سارے میچ دیکھے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گیند باز کیسی گیندبازی کریں گے۔
انہوں نے کہا، "ہندوستان کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ سے مختلف ہیں۔ میں نے یہاں (آئی پی ایل کے دوران) دو ماہ سے زیادہ وقت گزارا ہے۔ یہاں کی کنڈیشنز میں کھیلنا اور موسم کو سمجھنا فائدہ مند ہے۔ میرے خیال میں یہ سب کے لیے کہا جاسکتا ہے۔ ہمارے کئی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلتے ہیں جس سے ہمیں پہلے میچ میں بہت مدد ملی۔”
ہندوستان کے 211 رن کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ 10 اوور میں 86 رن پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں نظر آ رہا تھا، لیکن ڈوسن نے ملر کے ساتھ 63 گیندوں پر 131 رن بنا کر اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔ اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستان کا مسلسل 13 میچ جیتنے کا عالمی ریکارڈ بنانے کا خواب بھی ٹوٹ گیا۔ ہندستان، افغانستان اور رومانیہ مسلسل 12 میچ جیت چکے ہیں۔