سرینگر//
ممبئی پولیس کو ہفتہ کے روز ایک پیغام موصول ہوا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ جس نمبر سے پیغام بھیجا گیا تھا اس کا سراغ راجستھان کے اجمیر سے لگایا گیا ہے اور مشتبہ شخص کو پکڑنے کیلئے فوری طور پر پولیس کی ایک ٹیم وہاں بھیجی گئی تھی۔
عہدیدار نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر صبح سویرے موصول ہونے والے واٹس ایپ پیغام میں آئی ایس آئی کے دو ایجنٹوں اور مودی کو نشانہ بنانے کے لئے بم دھماکہ کرنے کی سازش کا ذکر کیا گیا تھا۔
افسر نے مزید کہا کہ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ بھیجنے والا ذہنی طور پر پریشان شخص ہے یا شراب کے نشے میں تھا لیکن مزید تفتیش جاری ہے۔
متعلقہ بھارتیہ نیائے سنیتا سیکشن کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن کو ماضی میں کئی بار دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔