نئی دہلی// حکومت نے کہا ہے کہ ریل کی سہولیات سبھی کے لیے دستیاب کرانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ، جس کے لیے جنرل بوگیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس کے تحت اس سال کے آخر تک 1000 اضافی بوگیاں ٹرینوں میں لگائی جائیں گی۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں یہ معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر خطہ میں لوگوں کو ریل کی بہتر سہولیات مل سکیں، اس لئے حکومت جنرل کوچوں کی تعداد بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری کو ریل کی بہتر سہولیات میسر ہوں۔
مسٹر ویشنو نے کہا کہ حکومت کیرالہ میں ریل نیٹ ورک کو ترقی دینے کے لیے پابند عہد ہے اور اس کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مقامی ممبران پارلیمنٹ سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ زمین فراہم کرنے میں ریاستی حکومت کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیسنجر ٹرینوں میں سفر کے لئے بڑی سبسڈی دے رہی ہے اور اسی سلسلے میں 56993 کروڑ روپے سے زیادہ کی سبسڈی پیسنجر ٹرینوں میں دی گئی ہے ۔ حکومت کی توجہ جنرل کوچز کو بڑھانے پر مرکوز ہے اور دسمبر کے آخر تک 1000 اضافی جنرل کوچز بڑھانے کا منصوبہ ہے ۔