الریاض//
وائٹ ہاؤس نے پیر کے روز کہا ہے کہ امریکی صدرجو بائیڈن سعودی عرب کوعلاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ایک اہم پارٹنر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے یمن میں جنگ بندی میں توسیع میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے فیصلہ کن کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ امریکا دفاع کے لیے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔واشنگٹن میں العربیہ کے نامہ نگارکے مطابق ’وائٹ ہاؤس‘ نے کہا کہ مُملکت پر500 سے زیادہ حملے کیے گئے ہیں۔
واشنگٹن نے گذشتہ جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا یمن میں جنگ بندی میں توسیع میں اہم کردار ہے۔امریکی صدر نے یمن میں متحارب فریقوں کے درمیان اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی میں توسیع کا بھی خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے جنگ بندی کی دفعات کی توثیق اور ان پرعمل درآمد کرکے "جرات مند قیادت” کا مظاہرہ کیا ہے۔
بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ ’یمن میں گذشتہ سات سال کی جنگ کے بعد پچھلے دو ماہ سب سے زیادہ پرامن گذرے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ جمعرات کو یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے موجودہ جنگ بندی میں مزید دو ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔