نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کانگریس کی سابقہ حکومتوں پر قبائلی برادری کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ان کی ترقی پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔
منگل کو یہاں نیشنل ٹرائبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے اس کا موازنہ پلاننگ کمیشن سے کیا اور کہا کہ قبائلی سماج کی ترقی میں اس کا کردار وہی ہوگا جو ملک کی ترقی میں پلاننگ کمیشن کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ملک کے دو درجن سے زائد قبائلی تحقیقی اداروں کو قومی سطح پر جوڑ کر ایک دھاگے میں باندھنے کا کام کرے گا اور اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت کی پالیسیوں نے قبائلی برادریوں کو نظر انداز کیا اور انہیں ترقی کے دھارے سے دور رکھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے قبائلی برادریوں اور علاقوں کے لیے 150 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس حکومت نے اس کمیونٹی پر صحیح توجہ دی ہوتی تو آج ایسا ادارہ قائم کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آتی۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ نریندر مودی نے گجرات کے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے بھی قبائلی سماج کی ترقی کے لیے بہت سے کام کیے ہیں اور اب قومی سطح پر بھی انہوں نے ملک کی آٹھ فیصد آبادی والے قبائلی سماج کو متحد کرنے کے لیے یہ ادارہ شروع کیا ہے۔قومی سطح پر بھی اس سمت میں قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعظم نے آٹھ فیصد آبادی والے قبائلی معاشرے کو متحد کرنے کے لیے اس ادارے کا تصور دیا تھا اور آج اس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔