نئی دہلی// مرکزی کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعرات کو کہا کہ حکومت جن وشواس 2.0 بل کے ذریعے 300 سے زیادہ قوانین کو مجرمانہ سزا سے متعلق دفعات سے مستثنیٰ کرنے پر غور کر رہی ہے ۔
مسٹر گوئل یہاں صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے کاروبار کرنے میں آسانی سے متعلق دوسری قومی کانفرنس کا افتتاح کر رہے تھے ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قانونی سقم سے فائدہ اٹھا کر منافع کمانے کا رجحان معیشت اور کاروبار میں آسانی کے لیے نقصان دہ ہے ۔ وزیر تجارت نے اس موقع پر سی آئی آئی ایز آف ڈوئنگ بزنس (ای او ڈی بی) اور ریگولیٹری امور کے پورٹل کا آغاز کیا۔ یہ پورٹل حکومت اور سی آئی آئی دونوں کی طرف سے کاروبار کرنے میں آسانی سے متعلق اہم اقدامات پر اسٹیٹس اور اپ ڈیٹ فراہم کرنے کی کوشش ہے ۔ جن وشواس 2.0 بل کے بارے میں مسٹر گوئل نے سی آئی آئی سے کہا کہ وہ اپنے اراکین کو قانون کی روح کا احترام کرنے کے لیے حساس بنائیں۔
وزیر تجارت نے کہا کہ حکومت کے نیشنل سنگل ونڈو سسٹم (این ایس ڈبلیو ایس) کے رہنما خطوط پر صنعت سے تجاویز حاصل کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک انڈسٹری نیشنل سنگل ونڈو سسٹم سے منسلک نہیں ہو جاتی، اس کے ذریعے لائسنس حاصل نہیں کرتی اور اسے بہتر کرنے کے لیے مرکز اور انڈسٹریل لینڈ بینک کو ان پٹ بھی نہیں دیتی، یہ اقدام کامیاب نہیں ہو گا۔
مسٹر گوئل نے نشاندہی کی کہ ریاستی اور مرکزی سطح کے سرکاری پورٹلز کو زیادہ چست، تیز، اسمارٹ اور جدید بنانے کے لیے ان میں تکنیکی اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کی ضرورت کے بارے میں بھی بات کی اور صنعت پر زور دیا کہ وہ مسائل کے شعبوں کی نشاندہی کریں اور ایسی آسان تبدیلیاں کریں جن کا اثر پورے ہندوستان کی سطح پر ہو سکتا ہے ۔