پرتھ//
ہندوستان کے اسٹینڈ ان کپتان جسپریت بمراہ نے پرتھ میں بارڈر-گواسکر ٹرافی 2024/25 کے پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلین ٹاپ آرڈر کے پرخچے اڑاتے ہوئے دنیا کے بہترین تیز گیند باز کے طور پر خود کو منوا لیا۔ روہت شرما اور تیز گیند باز محمد شامی کی غیر موجودگی میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے کا کام سونپا گیا۔
بمراہ کی باولنگ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ریکارڈ ساز ہوتی جارہی ہے۔ اس سال کے شروع میں وہ صرف 34 میچوں میں یہ سنگ میل حاصل کرکے 150 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے تیز ترین ہندوستانی تیز گیند باز بن گئے۔ وہ 20.06 کی باؤلنگ اوسط کے ساتھ ریڈ بال فارمیٹ میں 150 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، صرف انگلینڈ کے سڈنی بارنز نے 1901ء سے 1914ء کے درمیان کھیلتے ہوئے ان سے بہتر باولنگ ایورج (16.43) سے27 میچز میں 189 وکٹیں لی ہیں۔
جسپریت بمراہ 41 میچز میں 20.06 کی اوسط سے 181 وکٹیں لیکر دوسرے، آسٹریلیا کے ایلن ڈیوڈسن 44 میچز میں 20.53 کی اوسط کے ساتھ 186 وکٹیں لیکر تیسرے، سابق ویسٹ انڈین پیسر میلکم مارشل 81 میچز میں 20.94 کی اوسط سے 376 وکٹیں حاصل کرکے چوتھے جب کہ ویسٹ انڈیز کے ہی جوئیکل گارنر 58 میچز میں 20.97 کی اوسط سے 259 وکٹیں حاصل کرکے اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
بمراہ کی غیر معمولی اوسط جدید دور میں ایک تیز گیند باز کے طور پر ان کی عظمت کو نمایاں کرتی ہے، خاص طور پر ایسے دور میں جس میں بیٹنگ فرینڈلی پچز کا غلبہ ہے۔