سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ہفتے کے روز وادی کشمیر کے بعض پہاڑی علاقوں میں تازہ ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع سیاحتی مقام سونہ مرگ اور گلمرگ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔
ذرائع نے کہا کہ وادی کے کچھ پہاڑی علاقوں بشمول زوجیلا اور سادھنا ٹاپ پر بھی ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔
ادھر وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان مطابق دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۲ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۰ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۴ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۲۳نومبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۲۴نومبر کو بھی مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اوراس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم سہہ پہر کے بعد موسم میں بہتری متوقع ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں۲۵ نومبر سے۳۰نومبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ۳۰نومبر کی شام سے یکم دسمبر کی سہہ پہر تک ایک بار پھر پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں پانچ دسمبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کی توقع ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ وادی میں۲۳اور۲۴نومبر کو شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہوسکتی ہے ۔انہوں نے سیاحوں، ٹرانسپورٹروں اور ٹریکرز سے ٹریفک ایڈوائزری پر چلنے کا مشورہ دیا ہے ۔