دہرادون// اتراکھنڈ کے دہرادون میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کو ایک کنٹینر ایک کار سے ٹکرا گیا، جس میں کار میں سفر کر رہے تین نوجوانوں اور تین لڑکیوں سمیت کل چھ لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد پولیس پہنچی اور بڑی مشکل سے کار میں پھنسی لاشوں کو باہر نکالا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اجے سنگھ نے منگل کو بتایا کہ آج تقریباً 01.33 بجے ، کینٹ پولیس اسٹیشن کو میٹروپولیس کے او این جی سی چوک کے قریب ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے اطلاع ملی۔ پولیس فورس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ایک کنٹینر اور ایک انووا گاڑی حادثے کا شکار پائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹینر کے پچھلے حصے سے ٹکرانے کے بعد کار مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے ۔ جس میں کل 07 افراد سوار تھے جن میں سے 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص زخمی حالت میں پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ موقع پر موجود تمام چھ افراد کو 108 کے ذریعے کورونیشن، دون اور اندریش اسپتال کے مردہ خانہ میں بھیج دیا گیا ہے ۔ جبکہ زخمی شخص کی حالت نازک ہے ، اسے علاج کے لیے سنرجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ مذکورہ کنٹینر کشن نگر چوک سے آرہا تھا اور انووا بلو پور چوک سے دہرادون کی طرف آرہی تھی۔ کشن نگر چوک کے قریب کنٹینر کی کراسنگ کے دوران، انووا ڈرائیور رفتار کا اندازہ لگانے میں ناکام رہا اور سوچا کہ کنٹینر پورا نکلنے کے بعد وہ آرام سے کراس ہوجائے گا۔ اس جلد بازی میں انووا گاڑی کراس کرتے ہوئے کنٹینر کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے ۔