ناگاپٹنم// سری لنکا کی بحریہ نے منگل کے روز تمل ناڈو کے ضلع ناگاپٹنم سے 12 ماہی گیروں کو مبینہ طور پر اپنے علاقائی پانیوں میں غیر قانونی شکار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا اور ان کی ماہی گیری کشتیوں کو ضبط کر لیا۔
تمل ناڈو کے محکمہ ماہی گیری کے عہدیداروں نے یہاں بتایا کہ اکرا پیٹائی ساحلی گاؤں کے باشندے ماہی گیروں کوسری لنکا کی بحریہ نے اس وقت حراست میں لیا جب وہ ڈیلفٹ جزیرے کے نزدیک سمندر میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے ۔
ہندوستانی ماہی گیروں کی ضبط شدہ کشتیوں کو کنکیسنتھورائی بندرگاہ لے جایا گیا اور قانونی کارروائی کے لیے ملاڈی فشریز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
ایک ہفتے کے اندر سری لنکا کی بحریہ کے ذریعہ ہندوستانی ماہی گیروں کی گرفتاری کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔
گزشتہ اتوار کے روز سری لنکا کی بحریہ نے اسی طرح کے الزامات پر رامیشورم کے 23 ماہی گیروں کو تین مشینی ماہی گیری کشتیوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی سری لنکا کی بحریہ نے اس سال تمل ناڈو کے رامیشورم، ناگاپٹنم، تھوتھکوڈی اور پڈوکوٹائی اضلاع سے اب تک 497 ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے ، 66 ماہی گیری کشتیاں ضبط کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے ۔