دمبولا،//) نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز لوکی فرگوسن گزشتہ ٹی 20 میچ میں پنڈلی کی چوٹ کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ ٹیم میں ایڈم ملنے کو بلایا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ (این زیڈ سی) نے کہا کہ زخمی فرگوسن صحت یابی کے لیے وطن واپس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرگوسن اتوار کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنا دوسرا اوور ڈالتے وقت کچھ تکلیف محسوس کر رہے تھے۔ اس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔ چوٹ کا پتہ لگانے کے لیے انہیں اسکین کرانا ہوگا۔ فرگوسن کی جگہ ایڈم ملنے کو ٹیم میں بلایا گیا ہے اور وہ منگل کو دمبولا پہنچیں گے۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ ہم لوکی کے لیے غمزدہ ہیں۔ انہوں نے صرف دو اوورز میں دکھادیا کہ وہ گیند کے ساتھ کتنے بہترین ہیں اور اہم ون ڈے سیریز میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔