سرینگر//
شمالی ضلع بارہ مولہ کے رام پور سوپورمیں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق سوپور کے رام پور علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سنیچر کی شام گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے کہاکہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کردی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوپور کے رام پورگاوں میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولیوں کا تادلہ ہوا ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستے سیل کئے ۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔
دریں اثناجموں کے ضلع کشتواڑ میں دو ولیج ڈیفنس محافظوں کے قتل کے بعد علاقے میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔
ادھر ذرائع کے مطابق علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آروں کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے ۔
مقتول دفاعی محافظوں نذیر احمد اور کلدیپ کمار کی لاشیں جمعہ کے روز اوہلی کنٹوارہ گاؤں میں ان کی رہائش گاہوں پر لائی گئیں‘جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
بتادیں کہ کشتواڑ کے دورافتادہ علاقے منجولہ میں جمعرات کی شب ملی ٹینٹوں نے مبینہ طور پر دو ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جی) کو اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا ہے ۔
فوج کی نائٹ وائٹ کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے جمعہ کے روز علاقے کا دورہ کیا اور وہاں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور دیگر سیاسی جماعتوں نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔