چلئے صاحب بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کی قومی رجمان ‘ نوپر شرما بھی راتوں رات معروف اور مقبول ہو گئی ہیں… ہمیں نہیں معلوم کہ کل تک کوئی انہیں جانتا بھی تھا یا نہیں …لیکن آج ہم یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ محترمہ کو بھارت میں ہی نہیں بلکہ بھارت سے باہر بھی لوگ جانتے ہوں گے … بھارت میں کم اور بھارت سے باہر زیادہ ۔ نوپر شرما کو اسلام اور اس کی مقدس ترین اور محترم ہستی کا شکر گزار رہنا چاہئے جنہوں نے محترمہ کو فرش سے عرش پر بٹھا دیا اور… اور ہمیں یقین ہے کہ محترمہ واقعی میں اسلام اور اس کی مقدس ترین ہستی کی مشکور ہوں گی اور… اور سو فیصد ہوں گی ۔ وہ کیا ہے کہ مقبول و معروف ہونے کیلئے یقینا بہت سارے نسخے موجود ہیں اورہوں گے بھی … لیکن کیا ان میں سے ہر ایک نسخہ مقبول اور معروف ہونے کی کوئی ضمانت دے سکتا ہے… یقینا نہیں دے سکتا ہے… اور سو فیصد نہیں دے سکتا ہے … ایسے میں صرف ایک نسخہ ہے ‘ آزمایا ہوا نسخہ ہے ‘ جس پر چل کر ‘ عمل کر کے آپ دنیا بھر میں مشہور ہوجائیں گے … دنیا آپ کو جاننے لگے گی ‘ آپ میں دلچسپی لینا شروع کردے گی …جیسا کہ دنیا نوپر شرما کو جان رہی ہے‘ ان میں دلچسپی لینے لگی ہے … ارے صاحب! باتوں باتوں میں اصل بات بتانا بھول گئے کہ مقبول و معروف ہونے کا ایک ہی نسخہ ہے … سو فیصد گارنٹی والا ہے ‘ اور… اور وہ ہے اسلام اور اس کی معتبر‘ محبوب اور محترم ترین ہستی ‘حضرت محمد ؐکے بارے میں کچھ ایسا ویسا کہنا کہ جس سے ان کے غلامان‘ ان کے چاہنے والے ‘ ان کے نام لیوا ‘ ان پر جان نثار کرنے والے کم و بیش ۲؍ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو جائیں… اگر آپ ایک بار ایسا کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو… تو آپ کے نام کے چرچے پوری دنیا میںہوں گے اور… اور اس لئے ہوں گے کیونکہ کم بخت اس دنیا میں اب یہ فیشن سا بن گیا ہے…اسلام اور اس کی مقدس ترین ہستی کے بارے میں قابل اعتراض اور توہین آمیز باتیں کرنا فیشن بن گیا ہے اور…اور بی جے پی کی قومی ترجمان سے بھی نہ رہا گیا اور… اور وہ بھی راتوں رات خود کو معروف و مقبول بننے کی راہ پر چل پڑیں …جس کی منزل رسوائی اور ذلت کے سوا کچھ نہیں ہے … اور کچھ نہیں ہو سکتی ہے … بالکل بھی نہیں ہو سکتی ہے ۔ ہے نا؟