سرینگر//
جموںکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ‘سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ لوگوں کے جذبات و احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسمبلی میں خصوصی اختیارات کی بحالی کی خاطر قرار داد پیش کی۔
چودھری نے کہاکہ بی جے پی کے۲۸ممبران جئے چند بھی ہیں اور غدار بھی ۔
ان باتوں کا اظہار چودھری نے اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
نائب وزیر نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن منشور میں لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ خصوصی درجے کی بحالی کی خاطر وہ اسمبلی میں قرارداد پاس کریں گے اور ہم نے یہ وعدہ پورا کیا۔
چودھری نے مزید بتایا کہ خصوصی درجے کی بحالی کے حوالے سے نیشنل کانفرنس کا اصولی موقف ہے کہ اس کو جلداز جلد بحال کیا جائے ۔
بی جے پی ممبران کی جانب سے غدار کہنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریزولیشن پاس ہوتے ہی جموں میں لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔
چودھری نے کہاکہ جموں صوبے کو تباہ کرنے میں بی جے پی نے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی لیکن اب انہیں من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے ۔
ان کے مطابق سمارٹ سٹی کے نام پر جموں میں غریبوں کے آشیانے مسمار کئے گئے اور کئی ایک کو روزگار سے محروم کیا گیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مذہبی مقامات اسکولوں اور کالجوں کے نزدیک شراب کی دکانیں کھولنے والے بھاجپا لیڈروں کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ اب جموں کشمیر میں منتخب سرکار ہے ۔
چودھری نے کہاکہ یہ لوگ ہمیں غدار کہیں یا جئے چند حقیقت یہی ہے کہ بی جے پی کے۲۸ممبران غدار ہیں ۔