سرینگر//
صوبائی اِنتظامیہ کشمیر نے اِنتظامیہ کی جانب سے غیر مقامی مزدوروں کو کشمیر چھوڑنے پر مجبور کرنے سے متعلق افواہوں کو روکنے کیلئے ایسی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے اسے غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق صوبائی اِنتظامیہ نے مطلع کیا ہے کہ اِنتظامیہ نے وادی میں غیر مقامی کارکنوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اَقدامات کئے ہیں۔
اِنتظامیہ کی جانب سے غیر مقامی مزدوروں کو وادی چھوڑنے کے لئے دباؤ ڈالنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر پھیلائی جانے والی اَفواہیں غلط ہیں۔
دریں اثناء، اِنتظامیہ نے سب سے کہا ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں اور وادی میں امن کو درہم برہم اور خراب کرنے کے مفاد پرست افراد کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لئے مقامی لوگوں سے تعاون طلب کیا ہے۔
اِنتظامیہ نے غیر مقامی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سے پہلے جموںکشمیر پولیس نے غیر مقامی مزدوروں کے کشمیر چھوڑنے کے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا’’ جموں کشمیر پولیس روزی روٹی کمانے کے خواہشمند سبھی لوگوں کی حفاظت اور ان کے تحفظ کے احساس کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ‘‘۔
قبل ازیں پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا تھا’’سونہ مرگ میں بہیمانہ حملے کے بعد یہ اطلاعات ہیں کہ مقامی انتظامیہ غیر مقامی مزدوروں پر فوری طور پر وادی چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے ‘‘۔
ان کا’ایکس‘ پر اپنے اس پوسٹ میں کہنا تھا’’اگرچہ میں ان کے گھبراہٹ کے واضح احساس کو سمجھتی ہوں لیکن انہیں اس انداز میں جانے کے لیے کہنا مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے بلکہ اس سے مزید مشکلات پیدا ہوں گے اور ملک میں بھی اچھا پیغام نہیں جائے گا‘‘۔
محبوبہ مفتی کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا’’جموں کشمیر میں حال ہی میں پرامن اور دہشت گردی سے پاک انتخابات منعقد ہوئے اور اس ردعمل کے اچھے نتائج بر آمد نہیں ہوں گے یہ دوسری ریاستوں میں کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے والے کشمیریوں کے خلاف بھی غم و غصے کا باعث بن سکتا ہے ‘‘۔انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی گذارش کی‘‘۔
تاہم گاندربل پولیس نے ان دعوئوں کو رد کرکے ان رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا۔
گاندربل پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’غیر مقامی مزدوروں کو کشمیر چھوڑنے کو کہے جانے کے متعلق حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ مکمل طور پر بے بنیاد ہے ‘‘۔انہوں نے پوسٹ میں کہا’’ جموں و کشمیر پولیس روزی روٹی کمانے کے خواہشمند سبھی لوگوں کی حفاظت اور ان کے تحفظ کے احساس کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔‘‘