جموں//
ڈیموکریٹک پروگرسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے کشتواڑ کے مڑواہ واڑ وان علاقے میں لگنے والے آگ کی ایک واردات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے متاثرین کو خصوصی پیکیج دینے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھر بنا سکیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گنجان آبادی والے علاقے مڑواہ واڑوان میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں زائد از۸۰رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
آزاد نے منگل کے روز‘ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’مجھے کشتواڑ کے واڑوان علاقے میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے سے بہت دکھ ہوا جس میں ایک مسجد سمیت۷۰سے زیادہ مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ‘‘۔
ڈی پی اے پی سربراہ نے کہا’’میں ایل جی انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ متاثرہ خاندانوں کو فوی طور پر معاوضہ فراہم کیا جائے ‘۔
آزاد نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو موسم سرما سے قبل اپنے گھر دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے ایک خصوصی پیکیج دیا جانا چاہئے ۔