نئی دہلی//مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے ہندوستانی صنعت کی اعلیٰ شخصیت رتن ٹاٹا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صنعت اور سماج میں ان کے تعاون کی ستائش کی۔ رتن ٹاٹا کا بدھ کی رات ممبئی کے ایک اسپتال میں 86 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
سیتا رمن نے سوشل میڈیا ایکس پر جاری کردہ اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، "ممتاز رہنما، بصیرت افروز صنعت کار اور انسان دوست مسٹررتن ٹاٹا کے انتقال سے دکھی ہوں، ان کے تعاون نے ہمارے معاشرے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔”
وزیر خزانہ نے کہا کہ اختراع، اخلاقی کاروباری طور طریقوں اور سماجی ذمہ داری کے تئیں مسٹر رتن ٹاٹا کی گہری وابستگی نے صنعتی دنیا کو تبدیل کیا ہے اور کمیونٹیز کو پروان چڑھایا ہے ۔
انہوں نے مسٹر رتن ٹاٹا کے کنبے ، دوستوں اور ان تمام لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا جن کی زندگیوں کو انہوں نے متاثر کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے رتن ٹاٹا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک صاحب بصیرت کاروباری رہنما، ایک ہمدرد اور ایک غیر معمولی انسان تھے ۔ انہوں نے ہندوستان کے سب سے پرانے اور سب سے معزز کاروباری گھرانوں میں سے ایک کو مستحکم قیادت فراہم کی۔ ساتھ ہی ، ان کی خدمات بورڈ روم سے کہیں زیادہ تھی۔انہوں نے اپنی عاجزی، مہربانی اور ہمارے معاشرے کو بہتر بنانے کے پختہ عزم کی بدولت بہت سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا۔
لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ رتن ٹاٹا ایک بصیرت افروز شخص تھے ۔ انہوں نے کاروبار اور انسان دوستی دونوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ ان کے خاندان اور ٹاٹا کمیونٹی سے میری تعزیت۔