اقوام متحدہ//
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ انخلاء کے احکامات کی وجہ سے 200,000سے زیادہ لوگ جنوبی لبنان سے بے گھر ہوگئے ہیں اور لبنان سے تقریبا 100,000سے زائد افراد شام منتقل ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے خبردار کیا ہے کہ بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، کیونکہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے 30 دیہاتوں سے انخلاء کے احکامات جاری کر رہی ہے، اور یہ احکامات پیر کی درمیانی شب جاری کیے گئے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتیرس کے چیف ترجمان اسٹیفن دوجارک نے منگل کے روز کہا کہ شمالی اسرائیل میں 60,000سے زیادہ لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی لبنان میں بے گھر ہونے والوں کے حوالے سے اپنے ردعمل میں فوری انسانی اور حفاظتی مدد فراہم کرنے کے لیے اپنے ہنگامی سرگرمی کو تیز کردی ہے اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار خوراک، بچوں کے لیے غذاء، پانی اور دیگر ضروری سامان جیسے گدے اور حفظان صحت کی کٹس فراہم کر کے لبنانی حکومت کے راحت رسانی کام کی حمایت کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ نے تقریباً 200 اجتماعی پناہ گاہوں کے لیے مدد کی جن میں 50,000بے گھر افراد کو ضروری سامان فراہم کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے منگل کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ 426 ملین امریکی ڈالر کی ہنگامی فلیش انسانی امداد کی اپیل کی فوری حمایت کرے جو بیروت، لبنان میں شروع کی گئی ہے۔
مسٹر دوجارک نے کہا”ہمارے انسانی ہمدردی کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ اس رقم کا مقصد اگلے تین مہینوں تک 10 لاکھ افراد کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنا ہے”۔