نتائج … جموںکشمیر کے اسمبلی ا نتخابات کے نتائج آنے میں ابھی پانچ چھ دن ہیں … لیکن صاحب اس کا یہ مطلب نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے ہیں کہ… کہ کیا ہونے والا ہے اور… اور کیا نہیں ۔ وہ کیا ہے کہ ہم نے اپنے کے بال دھوپ میں سفید نہیں کئے ہیں… اس لئے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ کیا ہو گا … یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ہوگا یہ کہ کسی بھی جماعت کو اکثریت نہیں ملے گی… عزت مآب وزیر اعظم مودی جی کچھ بھی کہیں… یہ کہیں کہ ان کی بی جے پی کو پہلی بار جموں کشمیر میں اکثریت ملے گی اور … اور وہ حکومت بنائیگی… انہیں یہ کہنے دیجئے کہ کہنے میں کیا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی کو اکثریت نہیں ملے گی … بالکل بھی نہیں ملے گی … حتیٰ کہ اس بات کا بھی امکان نہیں ہے کہ بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھر آئے … نہیں صاحب ایسا بھی ہونے والا نہیں ہے … تو کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ… کہ این سی کانگریس اتحاد اکثریت حاصل کرے گا ؟ نہیں صاحب اس کا بھی زیادہ امکان نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کہ کانگریس اُس کا کردگی کامظاہرہ نہیں کر سکی ‘ جس کی اس سے توقع کی جا رہی تھی… اس کے پاس موقع تھا ‘ ایک موقع اس کے ہاتھ آیا تھا ‘ لیکن معاف کیجئے گا کہ اس نے یہ موقع کھودیا… جس کیلئے کوئی اور نہیں بلکہ یہ خود ذمہ دار ہے ۔ پی ڈی پی یقینا سارے اندازے غلط ثابت کرے گی اور… اور توقع سے اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کر ے گی… رہی بات آزاد امیدواروں کی … یقینا ان کے بارے میں ایک بڑی ہوا کھری کی جا رہی تھی… لیکن صاحب ہوا بدل گئی اور اس ہوا کی ہوا نکل گئی اور…اور ان انتخابات کے بعد ان کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہو گا… اپنے انجینئر رشید کے امیدواروں کا بھی نہیں ۔یوں سمجھ لیجئے کہ ’پروجیکٹ انجینئر رشید‘ بری طرح سے ناکام ہوا … جس نے بھی اس پروجیکٹ کو وضع کیا تھا… خیال اچھا تھا ‘ لیکن اس کی عمل آوری اتنی ہی بری ۔ یقینا یہ پروجیکٹ فیل ہو گیا ‘ لیکن اس کا کریڈٹ لوگوں… کشمیر کے لوگوں کے سر جاتا ہے‘جن کی سمجھ میں کچھ باریک باتیں ہماری توقع سے بھی زیادہ تیزی سے سمجھ میں آگئیں اور… اور انہوں نے اس پروجیکٹ … پروجیکٹ انجینئر رشید کو ناکام کیا۔سو فیصد ناکام کیا۔ ہے نا؟