نئی دہلی// وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ محکمہ دفاع کے کل 32 لاکھ دفاعی پنشنرز (ڈی اے ڈی) میں سے 30 لاکھ کو اسپرش (پنشن ایڈمنسٹریشن کے نظام دفاع) پورٹل سے کامیابی کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے ۔
یہاں ڈیفنس اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کے 277 ویں سالانہ یوم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ کئی چیلنجوں کے باوجود محکمہ اس ویب پر مبنی نظام کو نافذ کرنے میں کامیاب رہا ہے ۔
وزیر دفاع نے اس موقع پر ڈی اے ڈی کی مختلف اشاعتوں کے ساتھ اسپرش آڈٹ مینول کا اجرا کیا۔ انہوں نے وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال، اکاؤنٹنگ میں کارکردگی، شفافیت اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ذریعے ملک کے دفاعی ماحولیاتی نظام کو جدید اور مضبوط بنانے کے لیے ڈی اے ڈی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مختژر تفصیلات پر توجہ مرکوز کرنے پر محکمہ کی تعریف کی، جس سے دفاع سے متعلق پالیسیوں اور تجاویز میں ضروری بہتری آتی ہے ۔
گزشتہ برسوں میں دفاعی شعبے میں حاصل کی گئی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب مسلح افواج کے لیے خریداری درآمدات پر منحصر تھی اور معیشت پر دفاعی اخراجات کا مثبت اثر بہت محدود تھا۔ انہوں نے کہا کہ خود انحصاری حاصل کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی کوششوں کی وجہ سے ہندوستان آج ایک دفاعی برآمد کنندہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے ۔