بیروت//
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ اسرائیلی فوج کے حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سید مقاومت سید حسن نصراللہ بیروت حملے میں’ شہید‘ ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بھی لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ کی ہلاکت کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا۔ یہ اطلاع العربیہ اردو نے دی۔
جمعہ کی شام بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ میں حزب اللہ کی کمان کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی فضائی بم باری کے بعد سے نصر اللہ کے بارے میں کوئی مصدقہ خبر نہیں آئی تھی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حسن نصر اللہ ہلاک ہوگئے تھے ۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حزب اللہ میں جنوبی محاذ کا کمانڈر علی کرکی اور دیگر کئی کمانڈر بھی نصر اللہ کے ساتھ ہلاک ہوئے تھے ۔
ادھر اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ہرتسی ہیلفی نے باور کرایا ہے کہ حسن نصر اللہ کا خاتمہ اسرائیل کو حاصل قدرت اور صلاحیت کا اختتام نہیں ہے ۔ ہیلفی نے مزید کہا کہ اسرائیل کا پیغام سادہ ہے جس کا مفہوم ہے کہ ’جو کوئی بھی اسرائیلی شہریوں کے لیے خطرہ بنے گا ہم جان لیں گے کہ اس تک کس طرح پہنچنا ہے ‘‘۔
آئی ڈی ایف کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حسن نصراللہ اب دنیا کو دہشت زدہ نہیں کر سکیں گے۔‘
یہ بیان بیروت میں رات گئے ہونے والے حملوں کے سلسلے کے بعد جاری کیا گیا ہے جن کے بارے میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں نصراللہ اور حزب اللہ کے دیگر کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق، کل، حملوں کے نتیجے میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے میزائل یونٹ کے کمانڈر، اس کے نائب، اور پارٹی کے کئی دیگر رہنما، یعنی محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل کی ہلاکت ہوئی تھی۔
آئی ڈی ایف کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہلوی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔