بشنا//
کانگریس کی سینئر رہنما اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی اب بھی زندہ ہے اور پچھلے دس سالوں سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ’ گھٹن‘ ہے۔
جموں کے بشنا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کی بات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کاکہنا تھا’’یہ بی جے پی ہی ہے جس نے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ چھین لیا اور اب اسے دوبارہ بحال کرنے کے لئے لوگوں کی حمایت مانگ رہی ہے‘‘۔
پرینکا نے کہا کہ کانگریس جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے اور دربار منتقلی کے پرانے رواج کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوںنے کہا کہ ان کی پارٹی جموں کشمیر کے لوگوں کیلئے زمین اور ملازمتوں کی حفاظت بھی کرے گی۔
کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہت تواسمارٹ میٹر نصب کرنے کے متنازعہ فیصلے کو واپس لے لیا جائے گا اور بجلی کے زیر التوا بل معاف کر دیے جائیں گے۔
کشمیری پنڈتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ ان کی بازآبادکاری کا عمل سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور میں شروع ہوا تھا اور یہ عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر کے حکومت کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ دہشت گردی کے۶۸۳ واقعات ہوئے ہیں جن میں ۲۶۰ سیکورٹی اہلکار اور۱۷۰ عام شہری مارے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ قتل کس مدت کے دوران ہوئے۔ تاہم، پرامن جموں میں حالیہ مہینوں میں حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
موجودہ انتظامیہ کو مزید نشانہ بناتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ جموں کشمیر میں پالیسیاں بیرونی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے بنائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ معدنی بلاکس اور دیگر چیزیں جموں و کشمیر کے باہر کے لوگوں کے حوالے کردی گئی ہیں۔
پرینکا نے کہا’’جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ان کے گھروں کی تعمیر کے دوران دیوار سے لگایا جا رہا ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں دستیاب وسائل بیرونی لوگوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیج پر یہ بیان دینا آسان ہے، لیکن ان کے سامنے کے لوگوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔
کانگریسی لیڈر نے کہا’’ہر جگہ گھوٹالے ہو رہے ہیں اور یہاں تک کہ نوکریوں میں بھی تاخیر ہو رہی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس ایک لاکھ نوکریوں کی خالی آسامیوں کو پر کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی پیپر لیک نہ ہو تاکہ نوجوانوں کو بغیر کسی تاخیر کے نوکریاں فراہم کی جائیں۔
منشیات کی لعنت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ بی جے پی اس بڑھتے ہوئے خطرے پر خاموش ہے کیونکہ پارٹی جانتی ہے کہ بے روزگاری اس کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔
وزیر اعظم مودی کی تقاریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کے لئے کون کام کرنے والا ہے۔انہوں نے کہا’’جموں و کشمیر کا علاقہ پچھلے دس سالوں سے جامد ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دم گھٹ رہا ہے۔‘‘