میڈرڈ// اسپین نے فٹنس کے ساتھ جدوجہد کر رہے تجربہ کار ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال کو ڈیوس کپ کے لیے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
نومبر میں منعقد ہونے والے اس ٹینس ٹورنامنٹ کے لیے 38 سالہ رافیل نڈال کو کارلوس الکاراز، رابرٹو بوٹیسٹا اگوٹ، پابلو کارینو بسٹا اور مارسیل گرینولرز کے ساتھ اسپین ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ڈیوڈ فیرر ٹیم کے کوچ ہوں گے۔
انہوں نے پیرس اولمپک گیمز کے بعد سے کسی مقابلے میں حصہ نہیں لیا۔ اولمپکس کے بعد نڈال کو فٹنس خدشات کی وجہ سے یو ایس اوپن اور لاور کپ سے دستبردار ہونا پڑا۔ وہ 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت چکے ہیں۔
ڈیوس کپ کے لیے آٹھ ممالک نے اپنی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈیوس کپ کے کوارٹر فائنلز 19 سے 21 نومبر تک ہوں گے۔ سیمی فائنل 22 اور 23 نومبر اور فائنل 24 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
کوارٹر فائنل میں میزبان اسپین کا مقابلہ نیدرلینڈ سے ہوگا۔