نئی دہلی//عام آدمی پارٹی (آپ) کی سینئر لیڈر آتشی نے ہفتہ کو یہاں راج نواس میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ ان کے ساتھ پانچ دیگر وزراء نے بھی حلف لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے آتشی کو وزیر اعلیٰ کا حلف دلایا۔ محترمہ آتشی نے اپنے پانچ کابینی وزراء گوپال رائے ، کیلاش گہلوت، سوربھ بھاردواج اور عمران حسین اور مکیش اہلاوت کے ساتھ حلف لیا۔ ان میں سے چار کیجریوال حکومت کے دوران بھی وزیر کے عہدے پر فائز تھے ، جب کہ مکیش اہلاوت کو پہلی بار کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ۔
مسٹر اہلاوت سلطان پور ماجرا سے رکن اسمبلی ہیں جو ایک ریزرو سیٹ ہے ۔ وہ 2020 میں پہلی بار ایم ایل اے ب منتخب ہوئے تھے ۔
واضح رہے کہ مسٹر اروند کیجریوال نے مبینہ شراب گھوٹالہ کے الزام میں تہاڑ جیل سے ضمانت پر باہر آنے کے بعد 17 ستمبر کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفیٰ سے پہلے ایک میٹنگ میں کالکاجی کی ایم ایل اے آتشی کو آپ لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت عام آدمی پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے اراکین اسمبلی نے بھی راج نواس میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔