راجوری14ستمبر
جموں کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار دراندازی کی کوشش کرنے والے ملی ٹنٹوں کے ساتھ تصادم میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ یہ تصادم نوشہرہ سیکٹر کے کلال علاقے میں اس وقت ہوا جب ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجی دستوں نے اس طرف دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے ملی ٹنٹوں کے ایک گروپ کو روکا۔
گزشتہ ایک ہفتے میں نوشہرہ میں ملی ٹنٹوںکی طرف سے دراندازی کی یہ دوسری کوشش ہے۔ اس سے قبل ستمبر کو ایل او سی کے قریب اس سیکٹر کے لام علاقے میں بھاری ہتھیاروں سے لیس دو ملی ٹنٹ مارے گئے تھے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ فوجی دستوں نے کچھ ملی ٹنٹوں کو دیکھا اور انہیں چیلنج کیا ، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملی ٹنٹ قریبی جنگل میں فرار ہوگئے اور ان کا سراغ لگانے اور انہیں بے اثر کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ (ایجنسیاں)