ڈوڈہ/ ۱۴ستمبر
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے جہاں ان کی حکومت نے موروثی سیاست ‘جس نے’اس خوبصورت خطے کو تباہ کردیا ہے‘کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک نئی قیادت کو پیش کیا ہے ۔
بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں جموں خطے کے ڈوڈہ ضلع میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا ”ہم اور آپ مل کر جموں و کشمیر کو ملک کا ایک محفوظ اور خوشحال حصہ بنائیں گے“۔
18 ستمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے قبل وزیر اعظم کی یہ پہلی انتخابی ریلی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا”آزادی کے بعد جموں کشمیر بیرونی طاقتوں کا نشانہ بن گیا اور موروثی سیاست نے اس خوبصورت خطے کو اندر سے کھوکھلا کر دیا۔ سیاسی خاندانوں نے اپنے بچوں کو پیش کیا اور نئی قیادت کو ابھرنے نہیں دیا“۔
مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے 2014 میں مرکز میں اقتدار میں آنے کے فورا بعد ایک نوجوان قیادت تشکیل دینے پر توجہ مرکوز کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔