انجینئررشیدسے پوچھا جارہاہے کہ انہوں نے اتنا سرمایہ کہاں سے لایاجو ان کی جماعت کشمیر کے بیشتر اسمبلی حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑا کررہی ہے… سوال کرنے میں اپنی میڈم جی… میڈم محبوبہ جی پیش پیش ہیں‘جن کا جاننا اور ماننا ہے کہ انجینئر رشید جیل میں تھے اور… اور جیل میں ہو کر ان کے درجنوں امیدوار الیکشن میدان میں کود پڑے ہیں اور… اور ایک پی ڈی پی ہے جو وسائل کی کمی کے باعث ایسا مشکل سے کر پا رہی ہے ۔سوال تو صاحب معقول ہے اور… اور اس لئے ہے کیونکہ الیکشن لڑنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں ہے… اس کیلئے ایک بڑا سرمایہ درکار ہو تا ہے اور… اور ہم جانتے ہیں کہ انجینئر رشید سرمایہ دار نہیں ہیں… ان کے پاس اتنا سرمایہ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… لیکن صاحب ایک چھوٹا … بالکل چھوٹا سا سوال ہے کہ کیا انجینئر رشید کو الیکشن لڑنے کیلئے اتنے سرمایہ کی ضرورت ہے جتنے سرمایہ کی ضرورت پڑتی ہے‘عام طور پر پڑتی ہے؟ ہمارا جاننا اور ماننا ہے کہ …کہ نہیں انہیں اتنے سرمایے کی ضرورت نہیں ہے… محبوبہ جی اور عمر عبداللہ کے ہوتے انہیں اتنے سرمایے کی ضرورت نہیں ہے کہ… کہ پی ڈی پی اور این سی کی قیادت جتنی پبلسٹی انجینئر رشید اور ان کی جماعت کی کررہی ہے… اللہ میاں کی قسم اگر انجینئر رشید لاکھوں اور کروڑوں روپے صرف کریں گے تو بھی انہیں اتنی پبلسٹی نہیں ملے گی… میڈم جی اور عمر عبداللہ نے انجینئر رشید کو کشمیر کے گھر گھر پہنچایا ہے… کل تک اگر کوئی ان کا نام بھی نہیں جانتا تھا وہ بھی آج انجینئر رشید کو جانتا ہے… ان کی بات سننے کیلئے بے تاب نظر آرہا ہے اور… اور اس لئے نظر آرہا ہے کیونکہ این سی اور پی ڈی پی قیادت اب اپنی بات نہیں کرتی ہے… اپنی جماعت اور اس کے پروگرام کی بات نہیں کرتی ہے… اگر وہ کوئی بات کررہی ہے تو… تو انجینئر رشید اور ان کی جماعت کی کررہی ہے ۔انجینئر رشید کو میڈم جی اور عمر عبداللہ کا شکر گزار رہنا چاہیے … ان کا ممنون و مشکور بھی کہ… کہ جو یہ کام خود نہیں کر سکتے تھے… جو کام ان کی جماعتوں اور اس کے زنگ آلودہ کل پرزے نہیں کر سکتے تھے …وہ کام میڈم جی اور عمر صاحب نے کردیا … اگر بچا کھچا کام لوگ کریں گے… ووٹنگ کے دنوں کریں گے تو… تو اس کیلئے انجینئر رشید بعد میں … پہلے میڈم جی اور عمر عبداللہ ذمہ دار ہوں گے اور… اور سو فیصد ہوں گے ۔ ہے نا؟