سرینگر//
کانگریس کے صدر‘ ملکا ارجن کھڑگے نے بدھ کے روز جموں وکشمیر کے لوگوں کیلئے پانچ ضمانتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس ،نیشنل کانفرنس الاینس کو اقتدار میں ملا تو تجارت پیشہ خواتین کو بغیر سود پانچ لاکھ رویے قرضہ اور ہر کنبے کو پچیس لاکھ رویے ہیلتھ انشورنس دیا جائے گا۔
کھڑگے نے کہا کہ جموں کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کانگریس کا پہلا قدم ہوگا۔
ان باتوں کا اظہار کانگریسی صدر نے اننت ناگ میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
کھڑگے نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں اس وقت جموں وکشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
کانگریس صدر نے کہا’’کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کی خاطر سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جو وعدہ کیا تھا اس کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح ملک کی باقی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے زیادہ ہے ۔
کھڑگے کے مطابق اگر کانگریس‘نیشنل کانفرنس کی سرکار تشکیل پاتی ہے تو خالی پڑیں ایک لاکھ سرکاری اسامیوں کو فارسٹ ٹریک بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔
کانگریس کے صدر نے کہا’’جموںکشمیر میں سیاحتی شعبے کو مزید ترقی دینے کی خاطر زمینی سطح پراقدامات کئے جائیں گے ‘‘۔
کھڑگے نے کہا’’ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ریاستی درجہ چھین لیا گیا اور پہلی بار ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کر دیا گیا‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ایک ریاست کے ریاستی درجے کو ختم کر دیا گیا اور لوگوں کے حقوق کو چھین لئے گئے ‘‘۔
کانگریس صدر نے امید ظاہر کی کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس اتحاد اسمبلی انتخابات کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔انہوں نے کہا’’یہ بات یقینی ہے کہ جموں و کشمیر میں کانگریس ، نیشنل کانفرنس اتحاد کی سرکار بنے گی‘‘۔
کھڑگے نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا’’یہ دونوں جماعتیں ملک میں نفرت کا ماحول پھیلا رہی ہیں اور ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں لیکن کانگریس ملک کو متحد رکھے گا‘‘۔
کانگریس صدرنے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو گزشتہ سات برسوں سے جمہوری عمل سے پرے رکھا۔انہوں نے کہاکہ اگر نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد برسر اقتدار آتا ہے تو لوگوں سے کئے گئے سبھی وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔
کانگریس صدر نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں اس بار بدلاو کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔