نئی دہلی//
وزیراعظم ‘نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے فلیگ شپ اسکیم آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی پی ایم،جے اے وائی) کے تحت آمدنی سے قطع نظر ۷۰ سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہریوں کو صحت بیمہ اسکیم کے کوریج میں لانے کی منظوری دی ہے۔
اس کا مقصد چھ کروڑ بزرگ شہریوں والے تقریبا ً۵ء۴ کروڑ کنبوں کو فیملی کی بنیاد پر۵ لاکھ روپے کا مفت ہیلتھ انشورنس کور فراہم کرنا ہے۔
اس منظوری کے ساتھ ۷۰سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہری اپنی سماجی و اقتصادی حیثیت سے قطع نظر اے بی پی ایم جے اے وائی کا فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔ اہل بزرگ شہریوں کو اے بی پی ایم جے اے وائی کے تحت ایک نیا الگ کارڈ جاری کیا جائے گا۔
اے بی پی ایم جے اے وائی کے تحت پہلے سے شامل کنبوں سے تعلق رکھنے والے۷۰ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو اپنے لئے سالانہ ۵ لاکھ روپے تک کا اضافی ٹاپ اپ کور ملے گا (جسے انہیں ۷۰ سال سے کم عمر کے خاندان کے دیگر ممبروں کے ساتھ بانٹنے کی ضرورت نہیں ہے)۔
۷۰سال اور اس سے زیادہ عمر کے دیگر تمام بزرگ شہریوں کو خاندانی بنیاد پر ہر سال ۵ لاکھ روپے تک کا احاطہ ملے گا۔ ۷۰سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہری جو پہلے ہی مرکزی حکومت کی صحت اسکیم (سی جی ایچ ایس)، سابق فوجی کنٹری بیوٹری ہیلتھ اسکیم (ای سی ایچ ایس)، آیوشمان سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) جیسی دیگر پبلک ہیلتھ انشورنس اسکیموں کا فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ یا تو اپنی موجودہ اسکیم کا انتخاب کرسکتے ہیں یا اے بی پی ایم جے اے وائی کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
یہ واضح کیا گیا ہے کہ۷۰سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہری جو پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس پالیسیوں یا ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس اسکیم کے تحت ہیں وہ اے بی پی ایم جے اے وائی کے تحت فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔
اے بی پی ایم جے اے وائی دنیا کی سب سے بڑی پبلک فنڈڈ ہیلتھ ایشورنس اسکیم ہے جو ۳۴ء۱۲ کروڑ کنبوں سے تعلق رکھنے والے۵۵کروڑ افراد کو ثانوی اور تیسرے درجے کی دیکھ بھال کیلئے اسپتال میں داخل ہونے کے لئے ہر خاندان کو سالانہ ۵ لاکھ روپے کا ہیلتھ کور فراہم کرتی ہے۔
عمر سے قطع نظر اہل کنبوں کے تمام ارکان کو اس اسکیم کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ اس اسکیم میں۳۷ء۷ کروڑ اسپتالوں میں داخلے کا احاطہ کیا گیا ہے جس میں۴۹ فیصد خواتین مستفید ہوئی ہیں۔ اس اسکیم کے تحت عوام کو ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا فائدہ ہوا ہے۔
۷۰سال یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کے لئے کور میں توسیع کا اعلان اس سے پہلے اپریل ۲۰۲۴ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔
اے بی پی ایم جے اے وائی اسکیم میں فائدہ اٹھانے والوں کی بنیاد میں مسلسل توسیع دیکھنے میں آئی ہے۔ ابتدائی طور پر۷۴ء۱۰ کروڑ غریب اور کمزور کنبوں کو اس اسکیم کے تحت شامل کیا گیا تھا جن میں ہندوستان کی ۴۰ فیصد آبادی شامل تھی۔
بعد ازاں، حکومت ہند نے جنوری ۲۰۲۲میں اے بی پی ایم جے اے وائی کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کی بنیاد کو۷۴ء۱۰ کروڑ سے بڑھا کر ۱۲کروڑ کنبوں کر دیا، کیونکہ ہندوستان کی دہائی کی آبادی میں۲۰۱۱کی آبادی کے مقابلے میں۷ء۱۱ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس اسکیم میں مزید توسیع کرتے ہوئے ملک بھر میں کام کرنے والی۳۷ لاکھ آشا کارکنوں / اے ڈبلیو ڈبلیو / اے ڈبلیو ایچ اور ان کے کنبوں کو مفت صحت کی دیکھ بھال کے فوائد کے لئے شامل کیا گیا تھا۔
اس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اے بی پی ایم جے اے وائی اب ملک بھر میں ۷۰سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کو ۵ لاکھ روپے کی مفت ہیلتھ کیئر کوریج فراہم کرے گا۔
دریں اثنا مرکزنے ملک میں موسم اور موسمیاتی سائنس کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے کیلئے۲ہزارکروڑ روپے کی لاگت سے’مشن موسم‘شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وزیر اطلاعات و نشریات اشونی وشنو نے بدھ کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کابینہ نے دو سال میں۲ہزارکروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ’مشن موسم‘کو منظوری دے دی ہے ۔
مشن موسم، جو بنیادی طور پر ارضیاتی سائنس کی وزارت کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، ملک میں موسم اور آب و ہوا سے متعلق سائنس، تحقیق اور خدمات کو زبردست فروغ دینے کیلئے ایک کثیر جہتی اور تبدیلی کا اقدام سمجھا جاتا ہے ۔
اس سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بہتر طریقے سے تیاری کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ اہم پروگرام طویل عرصے میں کمیونٹیز، خطوں اور ماحولیاتی نظام کی صلاحیت اور لچک کو بڑھانے میں مدد کرے گا۔
مشن موسم کے ایک حصے کے طور پر، ہندوستان ماحولیاتی سائنس، خاص طور پر موسم کی نگرانی، ماڈلنگ، پیشن گوئی اور انتظام میں تحقیق و ترقی اور صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کرے گا۔