جموں//
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) جموں کشمیر کے صدر رویندر رینا نے جمعرات کو نوشہرہ اسمبلی حلقہ سے اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
کاغذات نامزدگی دائر کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رینا نے کہا کہ پورے جموں کشمیر میں بی جے پی کی لہر ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں‘کشمیر، نوشہرہ یا کوئی اور علاقہ ہو، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس انتخابی مہم میں بی جے پی کے ہزاروں کارکن بڑے جوش اور جذبے کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔
بی جے پی یونٹ صدر کاکہنا تھا’’مجھے امید ہے کہ جب ووٹنگ ہوگی تو بی جے پی کے امیدوار بھاری اکثریت کے ساتھ جیت حاصل کریں گی اور حکومت بھی بھاری اکثریت سے بنے گی‘‘۔
اس دوران رینا نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں ایک بڑی فتح کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور ان کی اتحادی پارٹنر نیشنل کانفرنس پر خطے کے مہاراجاؤں کی توہین کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ کانگریس اور ان کے اتحادیوں کو جواب دیں گے۔
رینا نے کہا کہ راہل گاندھی اور ان کی اتحادی پارٹنر نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے انتہائی قابل احترام مہاراجاؤں کی توہین کی ہے۔ جموں و کشمیر کے لوگ یقینی طور پر کانگریس، راہول گاندھی اور ان کی اتحادی پارٹنر نیشنل کانفرنس کو جواب دیں گے۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں۹۰؍ اسمبلی حلقے ہیں، جن میں ۷سیٹیں درج فہرست ذاتوں اور۹ درج فہرست قبائل کیلئے مخصوص ہیں۔ جموں و کشمیر میں پولنگ تین مرحلوں میں۱۸‘۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوگی جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان ۸؍ اکتوبر کو ہوگا۔