نئی دہلی// ہندوستان کے دورے پر آئے متحدہ عرب امارات کے پارلیمانی وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی۔ محکمہ دفاع، داخلہ اور خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی راشد النعیمی اس وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
ہندوستان کی تاریخ اور ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان صدیوں پرانی تہذیبی اور ثقافتی اشتراک کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آزادی کے بعد سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں ہندوستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد متحدہ عرب امارات میں رہتی ہے اور اس کی ترقی میں اہم رول ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے شہریوں اور عوام کے درمیان رابطوں ، باہمی افہام و تفہیم اور اشتراک کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہندوستان میں ٹیکنالوجی، اختراعات اور سرمایہ کاری کے مضبوط امکانات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ اجتماعی کوششوں کی وجہ سے آج ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے ۔ سال 2022 میں اپنے یو اے ای کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے اس خیال کا اظہار کیا کہ پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ مذاکرات اور بات چیت دونوں ممالک کے درمیان اچھی افہام و تفہیم کا باعث بنی ہے ۔ انہوں نے عالمی اور علاقائی مسائل پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلوں کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری قرار دیا۔
مسٹر برلا نے مزید کہا کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات ٹیکنالوجی کے ذریعہ اپنے ممالک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے تجویز پیش کی کہ باہمی بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک کی پارلیمنٹ اپنی کامیابیوں، بہترین طریقوں اور اختراعات کا تبادلہ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کی کمیٹیوں کے درمیان باقاعدہ گفتگو اور مذاکرات کی روایت قائم کی جانی چاہئے تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکیں۔
‘عالمی بھائی چارے ‘ کے ہندوستان کے جذبے کو اجاگر کرتے ہوئے لوک سبھا ساپیکر نے کہا کہ ہندوستان ترقی کی باہمی فائدہ مند شکل کو اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک ثقافتی اور تجارتی تبادلوں کی روایت کو نئی بلندیوں پر لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی برادری کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سوامی نارائن مندر کی تعمیر میں متحدہ عرب امارات کی حکومت نے خاطرخواہ سہولت فراہم کی۔ انہوں نے اس کامیابی کو مضبوط ثقافتی رشتوں کا ثبوت قرار دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر النعیمی نے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی تعلقات ہیں۔ عوام سے عوام کے رابطوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے دوطرفہ تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ انہوں نے ترقی اور خوشحالی کا باعث بننے والے تجارت، ٹیکنالوجی اور ثقافتی رابطوں کے لیے مضبوط وابستگی کے لیے دونوں ممالک کی دور اندیش قیادت کو بھی سراہا۔