کابل// افغانستان کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی راشد خان کمر کی چوٹ کی وجہ سے 9 ستمبر سے ہندوستان کے اتر پردیش میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔
ٹیم انتظامیہ کے مطابق راشد گزشتہ ماہ افغانستان کے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ شپیزہ کرکٹ لیگ (ایس سی ایل) میں اسپن گھر ٹائیگرز (ایس جی ٹی) کی جانب سے کھیلتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے۔
راشد نے 18 اگست سے ایس سی ایل میں مسلسل تینوں میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اپنے تیسرے میچ میں راشد نے ایمو شارکا کے خلاف مختصر میچ میں اپنی ٹیم کے لیے صرف 26 گیندوں پر 53 رن بنائے۔ اس میچ کے دوران ہی راشد کو کمر میں درد ہوا جس کی وجہ سے وہ دو دن بعد اگلے ایس جی ٹی میچ سے باہر ہو گئے۔
راشد کو پچھلے سال اکتوبر-نومبر میں ون ڈے ورلڈ کپ کے فوراً بعد کمر کی چوٹ اور اس کے بعد سرجری کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس چوٹ کی وجہ سے وہ چار ماہ تک کرکٹ سے باہر رہے، اس کے بعد وہ پچھلے مارچ میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں واپسی کرنے میں کامیاب رہے اور اپنی حالیہ کمر کی پریشانی سے ایک ہفتہ قبل ہنڈریڈ میں ٹرینٹ راکٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے راشد کو ہیمسٹرنگ کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ راشد اس سیزن کے اپنے آخری دو میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
افغانستان کی ٹیم نے اتر پردیش میں اپنے ہوم گراؤنڈ گریٹر نوئیڈا میں پریکٹس شروع کر دی ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار کسی ٹیسٹ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ گریٹر نوئیڈا اسپورٹس کمپلیکس گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا یہ پہلا ٹیسٹ بھی ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے فورآ بعد افغانستان کی ٹیم 18 ستمبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے شارجہ روانہ ہوگی۔