نہ جانے ہمیں کیوں لگ رہا ہے کہ الیکشن… کشمیر میںاسمبلی الیکشن … الیکشن نہیں رہے بلکہ یہ ایک کھیل… بڑے کھیل میں تبدیل ہو ئے ہیں… ایسا کھیل ‘ جس میں جیتنے والا ‘جیت کر بھی جیت نہ سکے اور… اور ہارنے والا…الیکشن ہار کے بھی جیت جائے ۔نہیں صاحب ہمارا اشارہ کسی متوقع دھاندلی کی طرف نہیں ہے… بالکل بھی نہیں … بلکہ سچ تو یہ ہے کہ الیکشن صاف و شفاف اور منصفانہ ہوں گے اور… اور سو فیصد ہوں گے ۔آپ کہیں گے کہ الیکشن… ہر الیکشن کا مقصد تو ہرانا اور جیتنا ہی ہو تا ہے… کچھ اور نہیں ہو تا ہے… اور اللہ میاں کی قسم ہمیں اس سے سو فیصد اتفاق ہے… لیکن… لیکن اس الیکشن میں جو کھیل کھیلنے کی کوشش ہو رہی ہے… وہ اسے مختلف بنا رہاہے یا بنا سکتا ہے… دوسرے الیکشنوں سے بالکل مختلف جہاں اگر آپ خود جیت نہیں سکتے ہیں… جہاں آپ اگر اپنے مد مقابل کو ہرا نہیں سکتے ہیں تو… تو ایسے مہروں کو سامنا لایا جارہا ہے جو آپ کیلئے اگر الیکشن جیت بھی نہ جائیں… لیکن آپ کے مد مقابل… آپ کے حریف کی جیت کو بے معنیٰ بنا سکتے ہیں … اور یہی کھیل اس وقت کھیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے… جو اس کھیل کو کھیل رہے ہیں وہ جانتے ہیں کہ وہ جیت نہیں سکتے ہیں… بالکل بھی نہیں سکتے ہیں… اس لئے وہ اپنے حریفوں کی جیت کو بے معنی بنانے کی سعی کررہے ہیں… وہ خود تو ایسا نہیں کر سکتے ہیں… اس لئے وہ اپنے مہروں کو سامنے لا رہے ہیں… انہیں آگے کررہے ہیں… انہیں الیکشن لڑوا رہے ہیں … اپنا کھیل بنانے کیلئے نہیں بلکہ دوسروں کا کھیل بگاڑنے کیلئے … اس دھوکے میں نہ رہیے کہ … کہ الیکشن کے نتائج لوگوں کے ہاتھوں میں ہیں… وہ ہار جیت کا فیصلہ کریں گے… اس غلط فہمی میں نہ رہیے … اور اس لئے نہ رہیے کیوں کہ ووٹ ڈالنے سے پہلے جو کھیل کھیلا جارہا ہے… یا یوں سمجھ لیجئے کہ کھیل کے میدان سے باہر جو کھیل کھیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ اس کھیل … اس الیکشن کے نتائج کیا ہوں گے … یقینا لوگ ووٹ ڈالیں گے … اور الیکشن کا عمل بھی منصفانہ ہوگا… لیکن اس سے پہلے… ووٹنگ سے پہلے جو سیٹنگ کی جا رہی ہے… وہ کسی کی… کسی جماعت کی جیت کو بھی بے معنی کرکے رکھ سکتی ہے… اور اس لئے رکھ سکتی ہے کیوں کہ کھیل ہی کچھ اس انداز سے ترتیب دینے کی کوششیں ہو رہی ہیں… اور اللہ میاں کی قسم سو فیصد ہو رہی ہیں ۔ہے نا؟