لاہور //
ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ ہمیں ہوم گراؤنڈ پر ہرایا ہے، چیئرمین پی سی بی کو جو فیصلے لینے تھے وہ نہیں لے سکے، یہ قصور پی سی بی کا ہے، اس سے بدترین کرکٹ پاکستان کی میں نے کبھی نہیں دیکھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی ’جیو نیوز‘ کے پروگرام میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں لیڈر شپ کا فقدان رہا ہے۔ ہمیں پتہ ہے کہ فاسٹ بالرز کو یہاں کامیابی نہیں ملتی پھر بھی ہم نے4 فاسٹ بالرز کھلائے۔ ورلڈ کپ کے بعد جو فیصلے لینے تھے وہ نہیں لیے۔ احمد شہزاد کا خیال ہے کہ پاکستان اس شکست سے نکلنے کے لیے جدوجہد کرے گا اور اس کا موازنہ افغانستان سے ان کے نقصان کے دیرپا اثر سے کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ” پاکستان کے لیے اس شکست سے سنبھلنا بہت مشکل ہو گا جس طرح وہ آج تک افغانستان کے خلاف شکست سے سنبھل نہیں سکا ہے، اسی طرح پاکستان اس شکست سے واپسی کے لیے جدوجہد کرے گا۔ ہم نے پہلے بھی کہا تھا۔ آپ مختصر مدت کے فیصلے کرتے ہیں، پاکستانی ٹیم پہلے ہی ہاکی کے حالات کی طرح صفر کی طرف بڑھ رہی ہے لیکن ہم نے توقع نہیں کی تھی کہ آپ بنگلہ دیش سے بھی ہار جائیں گے۔‘‘ پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ مسلسل زوال کا شکار ہے۔ پاکستان کی کارکردگی بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔