سرینگر//
جموں کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیس(سی ای او) ‘پی کے پولے نے ہفتہ کے روز کہا کہ وزارت داخلہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکورٹی فراہم کررہی ہے۔
پولے نے کہا کہ وزارت داخلہ نے جموں کشمیر خطے میں سلامتی کے چیلنجوں کو دیکھتے ہوئے اور پرامن انتخابی عمل کو انجام دینے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
سی ای او نے کہا کہ گزشتہ دو تین دہائیوں سے جموں و کشمیر میں سیکورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔ ’’حالیہ برسوں میں (دہشت گردی کے واقعات میں) کمی آئی ہے۔ یہ ایک آن اینڈ آف صورتحال ہے۔ ہم نے سیکورٹی کے تفصیلی انتظامات کیے ہیں۔ امیدواروں، سیاسی جماعتوں، ہمارے آر او عہدیداروں، مبصرین، اسٹرانگ رومز کے لئے یہ سب وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھایا گیا تھا اور اسی کے مطابق سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے‘‘۔
پولے نے خبر رساں ایجنسی ‘اے این آئی کو یہ باتیں جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کے لئے سیکورٹی انتظامات پر بات کر تے ہوئے بتائیں۔
سی ای او نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے۔ کوئی سیاسی تشدد نہیں ہوگا۔ ہم (کسی بھی قسم کی صورتحال کے لئے) مکمل طور پر تیار ہیں۔
دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر ڈوڈہ کے پولنگ اسٹیشنوں پر فورسز کی اضافی تعیناتی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’جن علاقوں میں حال ہی میں ملک مخالف عناصر کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، ہم وہاں اضافی سیکورٹی فراہم کرتے ہیں اور ویلیج ڈیفنس کمیٹیوں کو بھی فعال کیا ہے۔ لہٰذا مجموعی طور پر ایسا لگتا ہے کہ پرامن انتخابات ہوں گے‘‘۔
پولے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں تقریباً ۸۸ لاکھ رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
سی ای اونے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ۱۸ستمبر کو سات اضلاع، دوسرے مرحلے میں چھ اضلاع میں۲۳ ستمبر کو اور سات اضلاع میں یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اور ڈوڈہ کے تین اضلاع میں پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پولے نے یہ بھی کہا کہ تمام پولنگ بوتھوں پر بنیادی کم از کم سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی سمری نظر ثانی کے تحت۲۰۹ نئے پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد تقریباً۲۰۰ پولنگ اسٹیشنز کی لوکیشن کا تعین کیا گیا ہے۔
ان کاکہنا تھا’’مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ قطاریں ہوں گی۔ بزرگوں کیلئے الگ سے انتظامات کیے جائیں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر پولنگ بوتھ پر ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔
پولے نے کہا’’تقریباً۸۸ لاکھ رائے دہندگان ہیں، جن میں سے۸۹ء۴۴ لاکھ مرد اور۸۳ء۴۳ لاکھ خواتین ووٹر ہیں، اور ۱۶۳ ٹرانس جینڈر ووٹر ہیں۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ۲۷؍ اگست ہے۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں ۱۸ستمبر‘۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوں گے۔ نتائج کا اعلان۴ اکتوبر کو کیا جائے گا۔
اس دوران جموں کشمیر الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات کے دوران اَپنے اِنتخابی حق رائے دہی کا اِستعمال کرنے والے رائے دہندگان کی سہولیت کے مشن کے تحت چیف الیکٹورل آفیسر (سی اِی او) جموں و کشمیر پانڈورانگ کے پولے کی صدارت میں ڈائریکٹر سطح کے افسروں کی ایک میٹنگ آج نرواچن بھون ریل ہیڈ کمپلیکس جموں میں منعقد کی ۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے اسمبلی اِنتخابات۔۲۰۲۴ کے احسن بغیر پریشانی کے اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پولنگ سٹیشنوں کی مجموعی تیاریوں کا جائزہ لیا جو ۱۸؍ ستمبر ۲۰۲۴ء سے جموںوکشمیر یوٹی میں ۳مرحلوں میں منعقد ہونے جا رہے ہیں۔
سی اِی اونے میٹنگ میں موجود افسروں پر زور دیا کہ وہ تمام پولنگ سٹیشنوں پر کم سے کم سہولیات (اے ایم ایف) کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ پولنگ سٹیشنوںکی جیو ٹیگ شدہ تصاویر کے ساتھ ایکشن ٹیکن رپورٹ ایک ہفتے میں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کو بھیجیں۔۔
یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ کُل۱۱ہزار۸۳۸پولنگ سٹیشن ہیںاور ہر پولنگ سٹیشن پر اوسطاً ۷۳۵ رائے دہندگان ہیں۔
افسران کویہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ تمام پولنگ سٹیشنوں پر پینے کے پانی اور لائٹنگ کی سہولیات سمیت بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں جہاں۱۸؍ ستمبر۲۰۲۴ء کو پہلے مرحلے میں پولنگ ہونے والی ہے۔ مزید برآں، تمام پولنگ سٹیشنوں کے احاطے میں صفائی ستھرائی اور شجرکاری مہم پہلے سے شروع کی جائے۔
جموں و کشمیر میں دُور دراز علاقوں، دشوار گزار علاقوں اور برف سے ڈھکے علاقوں میں واقع مختلف پولنگ سٹیشنوں پر قابل رسائی سڑکوں کی دستیابی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ ہدایت دی گئی کہ جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (آر ڈِی ڈِی) اور جموں و کشمیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ دونوں اس سلسلے میں ضروری اقدامات کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افسران جسمانی طور خاص اَفراد کو ووٹ ڈالنے میں سہولیت فراہم کرنے کے لئے ایک مخصوص پولنگ سٹیشن کی طرف جانے والے ریمپ کی تعمیر کا خیال رکھنا چاہیے اور محکموں کی طرف سے پہلے ہی مناسب اقدامات اُٹھائے جائیں۔
بوتھ بیداری گروپوں (بی اے جی)، اِنتخابی خواندگی کلبوں (ای ایل سی) اور ووٹر بیداری فورموں کی دستیابی اور ایک مخصوص اسمبلی حلقہ میں مختلف ووٹر گروپوں کو راغب کرنے میں ان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بوتھ سطح پر انہیں مضبوط بنانے کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔
پہلے مرحلے میں جموں و کشمیر دونوں صوبوںکے۲۴ اسمبلی حلقوں میں۱۸؍ ستمبر۲۰۲۴ ء کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔صوبہ کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، کولگام اَضلاع اور صوبہ جموں کے ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع
کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
صوبہ کشمیر میں۱۶؍ اسمبلی حلقے جن میں پانپور، ترال، پلوامہ، راجپورہ، زینہ پورہ، شوپیاں، ڈی ایچ پورہ، کولگام، دیوسر، ڈورو، کوکرناگ (ایس ٹی)، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ، سری گفوارہ۔بجبہاڑہ، شانگس۔اننت ناگ ایسٹ، پہلگام شامل ہیں۔صوبہ جموں میں اسمبلی اِنتخابات کے پہلے مرحلے میں اندروال، کشتواڑ، پڈر۔ ناگسینی، بھدرواہ، ڈوڈہ، ڈوڈہ ویسٹ، رام بن اور بانہال سمیت۸؍ اَسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔