جموں//
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے سینئر لیڈر ‘دویندر سنگھ رانا کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں او بی سی، گجر، پہاڑیوں اور دلتوں کی ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔
رانا نے الزام لگایا کہ کانگریس نے اقتدرا کے لالچ میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ ہاتھ ملا کر لوگوں کے مفادات کو قربان کر دیا۔
بی جے پی لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
رانا نے کہا’’نیشنل کانفرنس نے جو حال ہی میں منشور جاری کیا وہ ملک دشمن طاقتوں کو مضبوط کرنے کا منشور ہے اور اس پارٹی نے کہا ہے ہم جموں وکشمیر میں گجر، دلت، پہاڑیوں، او بی سیز کی ریزرویشن ختم کریں گے ‘‘۔
بی جے پی لیڈر کا کہنا تھا’’کانگریس نے ان کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے اس پارٹی نے ہمیشہ اقتدار کے لالچ میں جموں وکشمیر کے لوگوں کے مفادات کو قربان کیا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ آج یہ پارٹی نیشنل کانفرنس کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے جموں وکشمیر میں ریزوریشن کو ختم کرنے جاری رہی ہے جو ایک تشویش ناک امر ہے ۔
رانا نے کہا’’جموں کشمیر کے دلت، گجر، پہاڑیوں، او بی سیز کو جو ریزرویشن ملی ہے اس کو کبھی ختم نہیں ہونے دیا جائے گا‘‘۔ان کا کہنا تھا’’بی جے پی نے دفعہ۳۷۰؍اور۳۵؍اے کے خاتمے کے بعد اس رزیرویشن کو مزید مضبوط کیا ہے اگر اس کو ختم کیا گیا تو وہ ہمارے ان بھائیوں کے لئے بڑی نا انصافی ہوگی‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی ایسا نہیں ہونے دے گی اور اس ریزرویشن کو ہر حال میں قائم رکھا جائے گا۔
رانانے کہا’’کانگریس کو ایک اور سوال کا جواب دینا ہوگا، نیشنل کانفرنس نے کہا کہ وہ شنکر اچاریہ پہاڑ جو ہمارے لئے مقدس مقام ہے ، کا نام بدل کر اس کا نام تخت سلیمانی رکھا جائے گا اور ہاری پربت کا نام کوہ ماراں رکھا جائے گا ہم کسی طاقت کو ایسا نہیں کرنے دیں گے ‘‘۔ان کا الزام تھا کہ کانگریس نے جموں اور اس کے مختلف حصوں کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا ہے ۔