سرینگر//
جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے درجہ چہارم کی نوکریوں کے امیدواروں نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہوکر سلیکشن لسٹ جاری کرنے کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔
امیدواروں نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر یہ سلیکشن لسٹ جاری نہیں کی گئی تو وہ اگلے ہفتے سے بھوک ہڑتال شروع کریں گے ۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
اس موقع پر عابد فاروق نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ۲۰۲۰میں جاری ایک نوٹیفکیشن کے تحت جے کے ایس ایس بی نے درجہ چہارم کی نوکریوں کیلئے۸۵۷۵؍امیدوارں کو بھرتی کیا۔
فاروق نے کہا کہ ان امیدواروں میں سے۵۱۰۰؍امیدواروں کا لسٹ جاری کیا گیا جبکہ۳۴۰۰؍امیدوار رہ گئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سال رواں کے ماہ فروری میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی نے دو ماہ کے اندر اندر باقی امیدواروں کا لسٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا لیکن آج تک لسٹ جاری نہیں کیا گیا۔
فاروق نے کہا کہ اگر اس لسٹ کو ایک ہفتے کے اندر اندر جاری نہیں کیا گیا تو ہم اگلے ہفتے سے بھوک ہڑتال شروع کریں گے ۔