نئی دہلی//ی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیرس پیرا اولمپکس 2024 میں حصہ لینے والے ہندوستانی کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور انہیں آئندہ مقابلے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آج منعقدہ ایک ورچوئل پروگرام میں وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں ‘وجئی بھوا’ کا آشیرواد دیا اور مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ نے پیرس پیرا اولمپک کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے کھیل محترمہ رکشا نکھل کھڈسے بھی موجود تھیں۔
اس دوران مسٹرمودی نے تیر انداز شیتل دیوی، شوٹر اونی لیکھرا اور دیگر کھلاڑیوں سے بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے شیتل سے پوچھا، "شیتل، آپ ہندوستانی دستے کی سب سے کم عمر ایتھلیٹ ہیں۔ یہ آپ کا پہلا پیرا اولمپک ہے، آپ کے ذہن میں بہت کچھ چل رہا ہوگا۔ کیا آپ بتا سکتی ہیں، کیا چل رہا ہے، کوئی تناؤ تو نہیں محسوس ہورہا ہے۔”
شیتل نے کہا، ”نہیں سر، کوئی تناؤ نہیں ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ اتنی چھوٹی عمر میں اور اتنے کم وقت میں پیرالمپکس گیمزکھیلوں گی۔ مجھے سب کا بہت تعاون ملا جس کی وجہ سے میں آج یہاں تک پہنچ سکی ہوں۔
جب وزیر اعظم نے پوچھا کہ ان کا ہدف کیا ہے تو شیتل دیوی نے کہا کہ واحد مقصد پیرس میں ترنگا لہرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو جیت یا ہار کے دباؤ کے بغیر اپنی بہترین کارکردگی دینا ہوگی۔
مسٹرمودی نے شوٹر اونی لیکھرا سے پوچھا، ”اونی، گزشتہ پیرالمپکس میں آپ نے ایک گولڈ سمیت دو تمغے جیت کر پورے ملک کا سر فخر سے بلند کیا تھا۔ اس بار آپ نے کیا ہدف رکھا ہے؟‘‘
اونی نے کہا، ’’سر، پچھلی بار میرا پہلا ہی پیرا اولمپکس تھا، میں نے چار مقابلوں میں حصہ لیا تھا، میں تجربہ حاصل کر رہی تھی۔ اتنے وقت میں کھیل اور ٹیکنالوجی کے بارے میں بہت کچھ سیکھا ہے۔ کوشش یہی ہوگی کی اس مرتبہ جس بھی ایونٹ میں حصہ لوں ان میں اپنا بہترین دوں۔ گزشتہ پیرا اولمپکس کے بعد پورے ہندوستان سے جو حمایت ہمیں ملی ہے، آپ کا اتنا ساتھ ملا، اس سے موٹیویشن ملتا ہے کہ وہاں جاکر اپنا بہترین دینا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس بار ہندوستان نے 28 اگست سے شروع ہونے والے پیرس پیرا اولمپکس میں اپنا سب سے بڑا دستہ بھیجا ہے۔ اس بار ہندوستانی ٹیم میں 84 ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ ٹوکیو پیرالمپکس میں یہ تعداد 54 تھی۔ ٹوکیو پیرالمپکس میں ہندوستان نے پانچ گولڈ سمیت 19 تمغے جیتے تھے۔