لاہور// قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اپنے فاسٹ بولرز کو لیکر اہم بیان دیدیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایک پوڈ کاسٹ میں بازید خان سے بات کرتے ہوئے 34 سالہ شان مسعود نے کہا کہ فاسٹ بولرز کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت روٹیٹ کریں گے کیونکہ آئندہ آنے والے سیزن میں پاکستان کو اہم میچز کھیلنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں شاہین آفریدی نے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچز کھیلے تاہم تیسرے میچ میں ہمیں انہیں آرام دینا پڑا کیونکہ آنے والے وقت میں انہیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کھیلنی تھیں۔ شان مسعود نے کہا کہ موجودہ ٹیسٹ سکواڈ میں 6 انتہائی باصلاحیت پیسر ہیں، ہر ایک ٹیم کو کچھ منفرد پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ تمام ساتھ ہی کھیلیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمیں لگا کہ اپنے پریمیئر بالر کو آرام دینا ضروری ہے تو ان پیسرز کی وجہ سے ہم اس پوزیشن میں ہوں گے کہ بروقت فیصلہ کرسکیں۔ واضح رہے کہ بنگلا دیش کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو بنگلا دیش کے بعد انگلینڈ (ہوم، 3 ٹیسٹ)، جنوبی افریقہ (اوے، 2 ٹیسٹ) اور ویسٹ انڈیز (ہوم، 2 ٹیسٹ) کھیلنے ہیں۔