لاہور// پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ بارش سےمتاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی ٹیسٹ کے تمام 5 دن بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بارشوں کے باعث گراؤنڈز مین نے تاحال پچ پر کام شروع نہیں کیا اور راولپنڈی ٹیسٹ کس پچ پر ہوگا؟ یہ فیصلہ بھی اب تک نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ 21 اگست سے شروع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پنڈی سٹیڈیم کی پچ ممکنہ طور پر فاسٹ باؤلرز کے حق میں ہو گی۔ راولپنڈی میں متوقع ابر آلود حالات کی وجہ سے پاکستان پہلے ٹیسٹ کے لیے چار فاسٹ باؤلرز کو میدان میں اتارے گا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے باؤلنگ اٹیک میں چار پیسر شامل ہوں گے جب کہ آغا سلمان واحد اسپنر ہوں گے۔
شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور میر حمزہ کی سلیکشن کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ چوتھے فاسٹ باولر کا آپشن خرم شہزاد یا محمد علی میں سے ایک ہوگا۔
پاکستان کا مڈل آرڈر شان مسعود، بابر اعظم اور سعود شکیل پر مشتمل ہوگا جو بالترتیب 3، 4 اور 5 پوزیشن پر بیٹنگ کررہے ہیں۔ مزید برآں محمد ہریرہ ، عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کا امکان ہے۔
پاکستانی ٹیم کے اسپنر ابرار احمد اور ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام کو بنگلادیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسپنر ابرار احمد اور ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام بنگلادیش اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے جو منگل 20 اگست سے اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا۔
سلیکٹرز نے بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں اسپنر کو شامل نہ کرنے وجہ بتائی ہے کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز کی وجہ سے پیس اٹیک کیساتھ جایا جائے گا، اس لیے ابرار احمد کو ٹیسٹ میں بینچ پر بٹھانے کے بجائے پاکستان شاہینز اسکواڈ میں شامل کیا ہے تا کہ وہ 30 اگست کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل کچھ میچ پریکٹس حاصل کرسکیں۔
اسی طرح ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام دوسرے کھلاڑی ہیں جنہیں پاکستان ٹیسٹ ٹیم سے ریلیز کیا گیا ہے اور انہیں دوسرے چار روزہ میچ کیلئے پاکستان شاہینز کی ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بنگلادیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل تھے۔
اس کا مطلب ہے کہ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ اب 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا لیکن دوسرے چار روزہ میچ کے اختتام کے بعد جب ابرار احمد اور کامران غلام دوسرے ٹیسٹ کیلئے دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہوں گے تو وہ 17 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
پاکستان شاہینز ٹیم کا حصہ رہنے والے میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، صائم ایوب، سرفراز احمد اور سعود شکیل اب ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ محمد رمیز جونیئر دوسرے چار روزہ میچ کیلئے باہر ہوگئے ہیں۔