سرینگر///
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سِنہا نے حال ہی میں جاری این آئی آر ایف درجہ بندی میں ملک کی سرفہرست یونیورسٹیوں اور اِداروں میں شامل ہونے پر جموں یونیورسٹی، کشمیر یونیورسٹی، این آئی ٹی سری نگر، آئی آئی ٹی جموں، آئی آئی ایم جموں، شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی،سکاسٹ جموں اور سکاسٹ کشمیر کو دلی مُبار ک بادپیش کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مرکزی وزارت ِتعلیم کی جانب سے آج جاری کردہ این آئی آر ایف رینکنگ (یونیورسٹی کیٹیگری) میں جموں یونیورسٹی پہلی بار ٹاپ۵۰ میں شامل ہوگئی ہے۔اُنہوں نے اِس ناقابلِ یقین کامیابی کے لئے وائس چانسلر پروفیسر امیش رائے، فیکلٹی ممبران اور غیر تدریسی عملے کو مبارک باد دی ہے۔
سنہا نے کہا ’’ میں کشمیر یونیورسٹی، این آئی ٹی سری نگر، ایس ایم وی ڈی یو،سکاسٹ کشمیرکو بھی مبارک باد دیتا ہوں۔کشمیر یونیورسٹی کا شمار بھی ہندوستان کی ٹاپ۵۰یونیورسٹی میں شامل ہے ۔ این آئی ٹی سری نگر نے ۷۹واں مقام حاصل کیا ہے اور ایس ایم وِی ڈِی یو آرکیٹیکچر میں ٹاپ۴۰ میں شامل ہے۔
زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں سکاسٹ کشمیر او رسکاسٹ جموں نے بھی متاثر کن درجہ بندی حاصل کی ہے۔سکاسٹ کشمیر نے۱۰ویں پوزیشن جبکہ سکاسٹ جموں نے ۲۰ ویں پوزیشن حاصل کی۔
آئی آئی ٹی جموں اور آئی آئی ایم جموں کو بھی بالترتیب سرفہرست۱۰۰ اِنجینئرنگ اور مینجمنٹ اِنسٹی چیوٹ میں شامل کیا گیا ہے۔