نئی دہلی// عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور دہلی کی وزیر آتشی نے کہا کہ ہر آمر اپنے مخالفین کو خاموش کرانے کے لیے انہیں جیل میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے ۔
آج پارٹی کی نئی ڈی پی مہم ‘ستیامیو جیتے ‘ کا آغاز کرنے کے بعد محترمہ آتشی نے کہا کہ گزشتہ برسوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آمر حکومت نے عام آدمی پارٹی کو ہراساں کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کیے گئے ، چھاپے مارے گئے لیکن بدعنوانی کا ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ منیش سسودیا، ستیندر جین، سنجے سنگھ اور وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایسی گرفتاریاں ہمیں جدوجہد آزادی کی یاد دلاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی انگریزوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جھوٹے مقدمات کے تحت جیلوں میں ڈالا گیا تھا ۔
آپ کی لیڈر نے کہا کہ ہر ڈکٹیٹر اپنے مخالفین کو خاموش کرنے کے لیے انہیں جیل میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے ۔ بی جے پی نے بھی سوچا تھا کہ وہ اپنی آمریت سے عام آدمی پارٹی کو دبا کر توڑ دے گی لیکن ان کی ہر ممکن کوشش کے باوجود عام آدمی پارٹی نہیں ٹوٹی اور بالآخر سچائی کی فتح ہوئی اور منیش سسودیا جیل سے باہر آگئے ۔
محترمہ آتشی نے کہا کہ آج اس سچائی کی جیت کو یادگار بنانے کے لیے عام آدمی پارٹی ‘ستیہ میو جیتے ‘ کی ڈی پی مہم شروع کر رہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے تمام سوشل میڈیا پر ستیہ میو جیتے کی ڈی پی مہم شروع ہو رہی ہے ۔ ہم بی جے پی کو بتانا چاہتے ہیں کہ چاہے وہ ہمیں کتنا ہی پریشان کرلے ، وہ ہمیں توڑ نہیں سکتی ۔ چاہے وہ ہمارے لیڈروں کو کتنی ہی دیر تک جیلوں میں ڈالے ، بالآخر سچ کی ہی فتح ہوگی۔