دمبولا،//) شیفالی ورما (40) اور اسمرتی مندھانا (45) کے درمیان 85 رنز کی شانداراننگز کی مدد سے ہندوستانی خواتین ٹیم نے جمعہ کو ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو آسانی سے 35 گیندیں باقی رہتے سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
شیفالی نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 137 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے، جبکہ مندھانا نے 31 گیندوں کی اپنی اننگز میں نو بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا۔
ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کے بعد پاکستان کی ٹیم 19.2 اوورز میں 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں ہندوستان نے جیت کا ہدف 35 گیندیں باقی رہ کر تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دپتی شرما (20 رنز پر تین وکٹ)، رینوکا سنگھ (14 رنز پر دو وکٹ)، شریانکا پاٹل (14 رنز پر دو وکٹ) اور پوجا وستراکر (31 رنز پر دو وکٹ) نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب جارح بلے باز شیفالی ورما نے کریز پر قدم رکھتے ہی پاکستانی گیندبازوں کی جم کر پٹائی کی۔ دوسرے سرے پر انہیں اسمرتی کا مکمل تعاون ملا۔ دونوں بلے بازوں نے تقریباً نو رنز کی اوسط سے رنز بنائے۔ ان کے انداز کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان فتح کا ہدف 11ویں اوور میں ہی حاصل کر لے گا لیکن اسی دوران سیدہ عروب شاہ (9 رنز کے عوض 2 وکٹیں) نے لگاتار دو اوورز میں یکے بعد دیگرے سلامی بلے بازوں کو آؤٹ کر دیا لیکن ہندوستان کی خاتون ٹیم اس وقت تک اپنی جیت کو یقینی بناچکی تھی۔