سرینگر//
وزیراعظم نریندرمودی روس کے اپنے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچ گئے۔ دارالحکومت ماسکو پہنچنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد پی ایم مودی کا روس کا یہ پہلا دورہ ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ روس کی دارالحکومت ماسکو میں۲۲ویں بھارت،روس سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کل یعنی ۹ جولائی کو وزیر اعظم مودی آسٹریا کا دورہ کریں گے، وہ جمہوریہ آسٹریا کے صدر جناب الیگزینڈر وان ڈیر بیلن سے ملاقات کریں گے اور آسٹریا کے چانسلر جناب کارل نہمر سے بات چیت کریں گے۔
اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مذید تقویت دینے کے علاوہ بھارت اور آسٹریا کے کاروبار میں اضافہ کرنا ہے جس کے لئے وزیر اعظم مودی وہاں کے کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ ماسکو، روس سے شروع ہوگا جہاں انہیں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ۲۲ویں بھارت،روس سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے۔ روس میں اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی ۹۔۱۰ جولائی کو آسٹریا جائیں گے۔
مودی کا آسٹریا کا دورہ ایک تاریخی دورہ ہوگا کیونکہ۴۱ سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی بار کوئی بھارتی وزیر اعظم آسٹریا کا دورہ کرے گا۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ بہت ہی اہم دورہ ہے جہاں وزیر اعظم مودی اور روسی صدر پوتن دونوں ممالک کے تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس سے اچھا موقع شاید ہی پھر ملے۔
جے شنکر نے کہا کہ ہمارے سالانہ سربراہی اجلاس میں تھوڑی تاخیر ہوئی مگر یہ ایک اچھی روایت ہے، ہم دو ممالک ہیں جن کی ایک ساتھ کام کرنے کی مضبوط تاریخ رہی ہے۔ ہم نے سالانہ سربراہی اجلاس کی ضرورت کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم کے اس دورے سے مختلف شعبوں میں مذید بہتری آئیگی۔ روس میں بھارتی سفیر ونے کمار نے بھی کہا کہ یہ دورہ بہت اہم ہے۔