سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں تین مسافروں کی موت جبکہ۲۰دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ کے پازال پورہ رفیع آباد میں جمعرات کی صبح ایک منی گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کم سے کم۲۳؍افراد زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے تین کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔
عین شاہدین نے بتایا کہ ڈرائیور گاڑی کافی تیز چلا رہا تھا جس وجہ سے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پازل پورہ کے نزدیک گاڑی لڑھک گئی اوراس میں سوار سبھی افراد خون میں لت پت ہو ئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جی ایم سی بارہ مولہ میں ۲۰زخمیوں کو لایا گیا ہے اور گاڑی میں کل ملا کر۳۵کے قریب افراد سوار تھے ۔
ادھر جموں کے ضلع راجوری میں جمعرات کے روز ایک فوجی گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب بھوانی گاؤں کے قریب شام کو پیش آیا۔
ریسکیو اہلکار گاڑی میں سوار پانچ فوجیوں کو اسپتال لے گئے جہاں ان میں سے ایک کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ (ایجنسیاں)