نئی دہلی// ملک کے شمال مغربی حصوں میں آئندہ چار سے پانچ دنوں میں دھول بھرے طوفان اور بارش کے امکانات ہیں۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز کہا کہ مغربی ڈسٹربنس کے زیر اثر جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، مظفر آباد، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی میں 8 جون کو 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے ۔
اسی مدت کے دوران پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، راجستھان میں دھول بھرے طوفان کی توقع ہے ، جبکہ مشرقی ہندوستان، اتر پردیش اور شمالی مدھیہ پردیش کے کچھ حصوں میں اگلے پانچ دنوں کے دوران گرمی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے ۔
وسطی بحیرہ عرب کے باقی حصے ، کرناٹک کے باقی حصے ، جنوبی مہاراشٹر کے کچھ حصے ، تلنگانہ اور ساحلی آندھرا پردیش کے کچھ حصے ، جنوبی چھتیس گڑھ کے کچھ حصے ، جنوبی اوڈیشہ، مغربی وسطی اور شمال مغربی خلیج بنگال کے کچھ مزید حصے میں اگلے تین چار دنوں کے دوران مانسون کی مزید پیش قدمی کے لیے حالات سازگار ہیں۔
کونکن اور کرناٹک کے ساحلوں پر 8 جون سے بھاری بارش ہونے کا امکان ہے کیونکہ رائل سیما اور اس سے ملحقہ علاقوں میں نچلی سطح پر ایک سائیکلون بنا ہوا ہے ۔
اگلے دو دنوں کے دوران مشرقی ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری سیلسیس کا اضافہ متوقع ہے ۔