نئی دہلی//
ملک میں اٹھارویں لوک سبھا انتخابات کیلئے تقریباً دو ماہ کی پرزور انتخابی مہم کے بعد اب سبھی کی نظریں ہفتہ کو ہونے والی ووٹنگ کے ساتویں اور آخری مرحلے پر مرکوز ہیں۔
الیکشن کمیشن نے جمعہ کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ساتویں اور آخری مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی۵۷پارلیمانی نشستوں کے لیے اور اوڈیشہ اسمبلی کے چوتھے اور آخری مرحلے کے لیے ۴۲نشستوں کے لیے ووٹنگ کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انتخابات کے آخری مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی، بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، روی کشن، روی شنکر پرساد، سنجے ٹنڈن، کانگریس کے اکھلیش پرتاپ سنگھ، اجے رائے ، ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی، پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی اور بھوجپوری فنکار پون سنگھ، سابق مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل، راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی میسا بھارتی سمیت کئی سیاسی شخصیات کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں بند ہوگا۔
ہفتہ کو اتر پردیش کی۱۳سیٹوں مہاراج گنج، گورکھپور، کشی نگر، دیوریا، بانس گاؤں، گھوسی، سلیم پور، بلیا، غازی پور، چندولی، وارانسی، مرزا پور، رابرٹس گنج میں ووٹنگ ہوگی۔
اس مرحلے میں ہماچل پردیش کی چاروں سیٹوں ‘ کانگڑا، منڈی، ہمیر پور اور شملہ اور پنجاب کی تمام۱۳پارلیمانی سیٹیں … گورداس پور، امرتسر، کھڈور صاحب، جالندھر (ریزرو)‘ ہوشیار پور (ریزرو)، آنند پور صاحب، لدھیانہ، فتح گڑھ صاحب (محفوظ)، فرید کوٹ(محفوظ)، فیروز پور، بھٹنڈہ‘ سنگرور اور پٹیالہ کی سیٹوں پر ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔
اس مرحلے میں بہار کی بقیہ آٹھ سیٹوں… نالندہ، پٹنہ صاحب، پاٹلی پترا، آرہ ، بکسر، سہسرام، کرکت، جہان آباد اور اڈیشہ کی باقی چھ پارلیمانی سیٹوں … میوربھنج، بالاسور جاج پور، کیندرپارا، بھدرک‘ جگت سنگھ پور کے لیے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے ۔
مغربی بنگال کی بقیہ نو نشستوں پر جن پر ہفتہ کو پولنگ ہونی ہے ، ان میں دمدم، باراسات، بشیرہاٹ، جے نگر، متھرا پور، ڈائمنڈ ہاربر، جادھوپور، جنوبی کولکاتہ ، شمالی کولکاتہ علاقہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جھارکھنڈ کے راج محل، دمکا اور گوڈا پارلیمانی حلقوں اور چنڈی گڑھ کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی واحد سیٹ پر بھی کل ووٹنگ ہوگی۔
ساتویں اور آخری مرحلے میں اتر پردیش کی ۱۳سیٹوں پر۱۴۴‘پنجاب کی۱۳سیٹوں پر۳۲۸‘ مغربی بنگال کی۹سیٹوں پر ۱۲۴‘بہار کی آٹھ سیٹوں پر ۱۳۴‘اڈیشہ کی چھ سیٹوں پر ۶۶‘ ہماچل پردیش کی چار سیٹوں پر ۳۷‘ جھارکھنڈ کی تین نشستوں پر ۵۲؍امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں اور مرکز کے زیر انتظام چنڈی گڑھ کی ایک سیٹ پر ۱۹؍امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
اس مرحلے میں۵۷لوک سبھا سیٹوں پر ۹۰۴ امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں اور اوڈیشہ اسمبلی کے آخری مرحلے کے لیے۴۲سیٹوں پر ۷۲خواتین سمیت ۴۶۰؍امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔
کمیشن کی ریلیز کے مطابق آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے سمیت کل۵۷پارلیمانی نشستوں کے لیے آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کرانے کے لیے تقریباً۹ء۱۰لاکھ انتخابی افسران کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے ۔
آخری مرحلے میں۰۶ء۱۰کروڑ سے زیادہ ووٹر۰۹ء۱لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر اپنا ووٹ ڈال کر۹۰۴؍امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کر سکیں گے ۔ ووٹنگ کے ساتویں مرحلے کے لیے اختیار کردہ کل ووٹروں میں ۲۴ء۵کروڑ مرد‘۸۲ء۴کروڑ خواتین اور۳۵۷۴ٹرانس جینڈر ووٹر ہیں۔
اوڈیشہ میں لوک سبھا کے ساتھ ساتھ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات بھی کرائے جا رہے ہیں۔ کل آخری مرحلے میں آٹھ اضلاع میں قائم۱۰۸۸۲بوتھس پر تقریباً۹کروڑ۹۵لاکھ‘۵۵ہزار۵۵۶ووٹرز جن میں۵کروڑ۸۵ہزار۵۳۸مرد‘۴کروڑ۸۶لاکھ سے زائد خواتین اور ۶۸۷خواجہ سرا شامل ہیں، اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ ریاستی قانون ساز اسمبلی کی بقیہ ۴۲نشستوں کیلئے۴۶۰؍امیدوار میدان میں ہیں، جن میں۷۲خواتین ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی شرکت بڑھانے کے لیے ووٹنگ سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ شدید گرمی اور لو کی لہر جیسے حالات کے پیش نظر الیکشن افسران اور ضلعی الیکشن افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں پر سائبان اور پینے کا پانی وغیرہ فراہم کریں۔
الیکشن ورکرز کو مشینوں اور میٹریل کے ساتھ متعلقہ پولنگ سٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا ہے ۔ امدادی کارکنوں کی ٹیمیں کل سے دور دراز کے پولنگ اسٹیشنوں پر بھیجی جا رہی تھیں۔
کمیشن نے ووٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر آئیں اور ذمہ داری اور فخر کے ساتھ ووٹ ڈالیں ۔ پولنگ پارٹیوں کو مشینیں اور انتخابی سامان کے ساتھ ان کے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کو روانہ کر دیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود گزشتہ مرحلوں میں ووٹرز بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچے ہیں۔ خواتین ووٹرز نے آخری دو مرحلوں میں ووٹ ڈالنے میں مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کمیشن نے ووٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر آئیں اور ذمہ داری اور فخر کے ساتھ ووٹ دیں۔
اس مرحلے میں۵۷پارلیمانی نشستوں میں سے۴۱عام زمرہ، تین درج فہرست قبائل اور۱۳درج فہرست ذات کی نشستیں ہیں۔ اوڈیشہ اسمبلی کی۴۲نشستوں میں سے۲۷عام زمرے کے لیے ، چھ درج فہرست قبائل کے لیے اور نو درج فہرست ذات کے لیے ہیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ ہماچل پردیش کے لیے پولنگ اور سیکورٹی اہلکاروں کو لے جانے کے لیے۱۳خصوصی ٹرینیں اور آٹھ ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں۔ ووٹنگ کو منی پاور کے اثر سے پاک رکھنے کے لیے کل۲۷۰۷فلائنگ اسکواڈز، مختلف مقامات پر ۲۷۹۹سرویلانس ٹیمیں ،۱۰۸۰ویجی لنس ٹیمیں اور۵۶۰ویڈیو سرویلانس ٹیمیں چوبیس گھنٹے چوکس رہیں۔